پنجاب میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے ایس او پیز جاری

پنجاب میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے ایس او پیز جاری
پنجاب میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے ایس او پیز جاری

  

لاہو (ڈیلی پاکستان آن لائن) عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے دوران صوبہ پنجاب میں کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے ایس او پیز جاری کر دئیے گئے ہیں جن کے تحت مشترکہ آلات والی گیمز کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ ٹریننگ کے دوران ماسک کا استعمال بھی لازمی ہو گا، سپورٹس بورڈ میں 10 سال سے چھوٹے بچوں کا داخلہ ممنوع ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور خان بھٹی نے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے ایس او پیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے تحفظ کے ایس او پیز پر عمل ضروری ہو گا۔ ایس او پیز کے تحت اوپن ٹورنامنٹس اور میچز پر پابندی ہو گی اور ٹریننگ بھی صرف انفرادی طور پر کی جا سکے گی، فٹ بال، ہاکی، بیڈ منٹن وغیرہ کی ٹریننگ چھوٹے گروپس میں کی جائے گی۔ رائے تیمور کا کہنا تھا کہ مشترکہ آلات والی گیمز کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، گراؤنڈ اور ٹریننگ سینٹر میں داخلے کے وقت درجہ حرارت چیک کیا جائے گا اور دوران ٹریننگ ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں کرونا کیسز میں کمی آنے پر لاک ڈاؤن ختم کئے جانے کے بعد جہاں تجارتی و کاروباری مراکز کے پرانے اوقات کار بحال ہو گئے ہیں وہیں اب کھیل کے میدان بھی آباد ہونے لگے ہیں۔

گزشتہ دنوں کراچی میں بھی پاکستان سپورٹس بورڈ نے سرگرمیاں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، اس سلسلے میں پاکستان سپورٹس بورڈ نے ایس او پی بھی جاری کئے جس کے تحت کھلاڑیوں کا ماسک پہننا، سینی ٹائزر ساتھ رکھنا، سماجی دوری برقرار رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے، 

مزید :

کھیل -