ساؤتھمپٹن ٹیسٹ بے نتیجہ ختم، انگلینڈ کی سیریز میں 0-1 کی برتری برقرار

ساؤتھمپٹن ٹیسٹ بے نتیجہ ختم، انگلینڈ کی سیریز میں 0-1 کی برتری برقرار
ساؤتھمپٹن ٹیسٹ بے نتیجہ ختم، انگلینڈ کی سیریز میں 0-1 کی برتری برقرار

  

ساﺅتھمپٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ایجز باﺅل کرکٹ سٹیڈیم ساﺅتھمپٹن میں کھیلا گیا بارش سے متاثرہ دوسرا ٹیسٹ میچ بے نتیجہ ختم ہو گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان ساﺅتھمپٹن ٹیسٹ بارش اور کم روشنی کی وجہ سے شدید متاثر ہوا اور پانچ روز میں صرف ایک اننگز مکمل ہو سکی۔ میچ کے ابتدائی 3 روز کے دوران صرف 86 اوورز کا کھیل ہو سکا جبکہ تیسرے دن تو کھلاڑی میدان میں اترنے کا انتظار ہی کرتے رہ گئے۔ چوتھے روز بھی بارش کی مداخلت کا سلسلہ جاری رہا اور پانچویں دن بھی کھیل تاخیر کا شکار ہوا جو بالآخر ساڑھے چار گھنٹے تاخیر کے بعد شروع کیا گیا جس دوران انگلینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنائے اور اننگز ڈکلیئر کر دی جس پر میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا۔ 

انگلینڈ کی جانب سے زیک کرالی 53 رنز بنا کر نمایاں رہے اور ڈومینک سبلی نے 32 رنز بنائے۔ کپتان جو روٹ نے 9رنز کی اننگز کھیلی اور بھی رنز ہی بنا سکے جبکہ روری برنز صفر پر آﺅٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 14 اوورز میں 28 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور یاسر شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

واضح رہے کہ پہلے روز قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو انگلش باﺅلرز اور بارش نے قومی بلے بازوں کا خوب امتحان لیا۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری سکور کرنے والے شان مسعود ایک سکور بنا سکے جبکہ فواد عالم صفر، اسد شفیق 5 اور کپتان اظہر علی صرف 20 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جبکہ اوپننگ بلے باز عابد علی نے 60 رنز بنائے۔ 

میچ کے دوسرے روز بھی بارش کے باعث کھیل تاخیر سے شروع ہوا اور پاکستان کے بابراعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے نامکمل پہلی اننگز 126 رنز 5 کھلاڑی آﺅٹ سے شروع کی اور کھانے کے وقفے تک سکور 155 رنز تک پہنچا دیا اور وقفے کے بعد جب دوبارہ کھیل شروع ہوا تو 158 کے مجموعی سکور پر بابراعظم سٹورٹ براڈ کی گیند پر جوز بٹلر کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہو گئے، انہوں نے 47 رنز بنائے۔ 

پاکستان کی ساتویں وکٹ 171 کے مجموعی سکور پر گری اور یاسر شاہ 5 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر جوز بٹلر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ مجموعی سکور میں صرف 5 رنز کے اضافے کے بعد شاہین شاہ آفریدی بھی بغیر کوئی سکور بنائے رن آﺅٹ ہو گئے جبکہ پاکستان کی نویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی محمد عباس تھے جو 2 رنز بنا کر سٹورٹ براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ محمد رضوان نے مشکل وقت میں اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے 72 نز بنائے جبکہ نسیم شاہ ایک سکور بنا سکے۔ 

انگلینڈ کی جانب سے سٹورٹ براڈ سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 27.2 اوورز میں 56 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور جیمز اینڈرسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سیم کیورین اور کرس ووکس ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ 

مزید :

کھیل -