بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی ،مزید 11افراد جاں بحق

بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی ،مزید 11افراد جاں بحق
بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی ،مزید 11افراد جاں بحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن ) بلوچستان میں مون سون بارشوں اور سیلاب سےتباہی کا سلسلہ جاری ہے  گزشتہ روز مزید11 افرادجاں بحق ہو گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 196ہو گئی ہے  ۔

 نجی ٹی وی "دنیا نیوز "نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ یکم جون سے اب تک صوبے میں پری مون سون اور مون سون بارشوں کے نتیجے میں مختلف واقعات میں 196 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جن میں 96 مرد، 45 خواتین اور 55 بچے شامل ہیں جبکہ مختلف حادثات سے 81 افراد زخمی بھی ہوئے،پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے مجموعی طور پر 19 ہزار 762 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں سے 5 ہزار 107 مکانات منہدم اور 14 ہزار 660 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔

رپورٹ کے مطابق سیلاب نے صوبے کے انفراسٹرکچر کو بھی بھاری نقصان پہنچایا ہے، سیلابی صورتحال کی وجہ سے مختلف علاقوں میں 18 پُلوں اور 690 کلو میٹر شاہراہوں کو نقصان پہنچا، اس کے علاوہ بارشوں کے باعث ایک لاکھ 7 ہزار 377 مال مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

ادھر بلوچستان کے علاقے غزہ بند میں سیلابی ریلا گاڑی کو بہا لے گیا، خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد سوار تھے، 5 لاشیں مل گئیں، ایک شخص کی تلاش جاری ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں ،دوسری جانب 3 روز گزر جانے کے باوجود بلوچستان کا کراچی سے زمینی راستہ بحال نہیں ہوسکا اور آر سی ڈی روڈ اوتھل کے مقام پر لنڈا ندی پُل بہہ جانے کے بعد متبادل بنایا جانے والا راستہ بھی پانی کے ریلے میں بہہ گیا جس کے باعث آر سی ڈی روڈ کے ذریعے بلوچستان کا زمینی راستہ سندھ سے منقطع ہوگیا تھا۔

راستہ بند ہونے کے باعث متاثرہ مقام پر 3روز سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں جس میں مال بردار گاڑیاں اور مسافر گاڑیاں شامل ہیں۔

مزید :

قومی -