یوکرینی گلوکارہ کے ’دل دل پاکستان‘ گانے کی ویڈیو وائرل، حاضرین میں جنرل باجوہ بھی موجود، لیکن یہ کب کی ہے؟ حقیقت جانئے
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک یوکرینی گلوکارہ پاکستان کا معروف ملی نغمہ ’دل دل پاکستان‘ گا رہی ہوتی ہے اور حاضرین میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود ہوتے ہیں۔ اس کے متعلق دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ یہ پاکستان کے 75ویں یوم آزادی پر لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے زیراہتمام ہونے والی تقریب کی ویڈیو ہے، جس میں یوکرینی گلوکارہ نتالیا شمارینکووا نے یہ نغمہ گایا۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق اس ویڈیو کے متعلق معلومات غلط بیان کی جا رہی ہیں۔ یہ ویڈیو ایک سال پرانی ہے، جب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ یوکرین کے دورے پر گئے تھے۔ یہ تقریب یوکرین میں واقع پاکستانی سفارتخانے میں منعقد ہوئی تھی جس میں نتالیا نے جنید جمشید کا یہ شہرہ آفاق ملی نغمہ گایا تھا اور یہ ویڈیو ابتدائی طور پر 13اگست 2021ءکو پاکستانی سفارتخانہ یوکرین کے یوٹیوب چینل پر پوسٹ کی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق اس ویڈیو میں آرمی چیف کے ساتھ یوکرین میں تعینات پاکستانی سفیر نوئیل کھوکھر براجمان ہوتے ہیں۔ یہ ویڈیو ایک چیئرٹی فنکشن کے دوران بنائی گئی تھی۔ دی انٹرنیشنل کنسورشیم نامی ٹوئٹر اکاﺅنٹ کی طرف سے یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ ویڈیو میں دل دل پاکستان گانے والی یوکرینی گلوکارہ نے ایک نامورپاکستانی فلاحی ورکر کے ساتھ شادی کر رکھی ہے جن کا نام محمد ظہور ہے اور وہ یوکرین میں ہی رہتے ہیں۔ محمد ظہور کے ساتھ شادی کے بعد سے نتالیا نے اپنا نام تبدیل کرکے ’کمالیا ظہور‘ رکھ لیا۔وہ پاکستان میں ہونے والے کئی چیئرٹی ایونٹس میں بھی فن کا مظاہرہ کر چکی ہے۔