اسرائیل اور ترکیہ کے درمیان مکمل سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ

اسرائیل اور ترکیہ کے درمیان مکمل سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ
اسرائیل اور ترکیہ کے درمیان مکمل سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ

  

تل ابیب(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسرائیل اور ترکیہ کی جانب سے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کی مکمل بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔الجزیرہ نیوز کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کو ایک سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے اسے علاقائی استحکام اور اسرائیلی شہریوں اور معیشت کیلئے ایک بڑی خبر قرار دیا ہے۔اسرائیلی وزیراعظم یائیر لیپڈ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک کے سفیروں اور قونصل جنرلز کو دوبارہ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو کا کہنا ہے کہ ترکیہ اسرائیل سے تعلقات بحالی کے باوجود فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گا، اسرائیل سے تعلقات بحالی کا مطلب فلسطینیوں کی حمایت ترک کرنا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سفیروں کی واپسی دو طرفہ تعلقات بہتر کرنے کیلئے اہم ہے، تعلقات سے ترکیہ کو فلسطینی مفادات کیلئے لابنگ کرنے کا موقع ملے گا،  ترکیہ ہمیشہ فلسطینیوں کے حقوق کا دفاع کرتا رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم نہیں کرتا اس لیے اسرائیل میں ترکیہ کا سفارت خانہ تل ابیب میں ہے۔

مزید :

بین الاقوامی -