یہ ریلیف مفت میں نہیں لیا،مریم نواز کامصطفیٰ کمال کو جواب

Aug 17, 2024 | 06:52 PM

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں بجلی کے بلوں پر ریلیف کے حوالے سے ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال کو جواب دیدیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر انہوں نے لکھا کہ پیارے مصطفی بھائی، پنجاب نے یہ ریلیف مفت میں نہیں بلکہ اپنے عوام کے لیے پیسے دے کر لیا ہے،اس ریلیف کے لیے پنجاب نے اپنے بجٹ سے 45  ارب ادا کیے ہیں،مجھے خوشی ہو گی اگر آپ حکومت سندھ سے بات کریں اور وہ بھی اپنے عوام کو یہ ریلیف فراہم کریں، شکریہ۔

خیال رہے کہ آج مصطفیٰ کمال نے نواز شریف کی پریس کانفرنس کے حوالے سے کہا تھاکہ ہم نواز شریف کو پنجاب کانہیں پاکستان بھر کالیڈر سمجھتے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف کو پاکستان بھر کےلئے پیکج کا اعلان کرنا پڑے گا، صرف پنجاب کےلئے ریلیف کا اعلان نہیں چلےگاپاکستان بھر کےلئے اعلان ہوناچاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے کل کی پریس کانفرنس کرکے اپنا سیاسی قد کم کیا ہے صرف پنجاب میں عوام کیلئے بجلی کا بل کم کرکے غلط میسج دیاگیا، ہم یہ نہیں کہتے آپ پنجاب کیلئےکم نہ کریں،پورے ملک کیلئےبجلی قیمتیں کم کریں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کو ردکررہے ہیں کیوں صرف پنجاب کےلئے بجلی سستی کی گئی، کیا ہم اس ملک کے شہری نہیں ہے؟صرف پنجاب کےلئے ہی بجلی سستی کیوں؟

مزیدخبریں