شاہین اور کیویز آج چوتھے ون ڈے میں آمنے سامنے

شاہین اور کیویز آج چوتھے ون ڈے میں آمنے سامنے

  

                       ابوظہبی ( نیٹ نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیمیں چوتھے ایک روزہ میچ میں آج شیخ زید سٹیڈیم، ابوظہبی میں آمنے سامنے ہوں گی۔ میچ مصنوعی روشنیوں میں کھیلا جائے گا اور پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوگا۔ گرین شرٹس کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی سبقت حاصل ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ تیسرے ون ڈے کی طرح آج کھیلے جانےوالے میچ میں بھی ہم عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے اور جیت کے لئے پوری ٹیم متحد ہے سیریز اپنے نام کریں گے تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن ہوں جبکہ میری کوشش ہے کہ میں بطور بیٹسمین عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کروں اس سے قبل دبئی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ون ڈے میچ پاکستان نے 3 وکٹوں سے جیتا۔ شارجہ میں ہونے والے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے عمدہ کم بیک کیا اور 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز برابر کر دی تاہم اسی میدان پر کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے 147 رنز کے واضح مارجن سے فتح حاصل کرکے سیریز میں ایک بار پھر برتری حاصل کر لی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے میچ 19 دسمبر کو شیخ زید سٹیڈیم، ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -