ٹیوٹاہنر مندوں کو بیرون ممالک روزگار فراہمی کیلئے اقدامات کرےگی‘ عرفان قیصر شیخ

ٹیوٹاہنر مندوں کو بیرون ممالک روزگار فراہمی کیلئے اقدامات کرےگی‘ عرفان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (کامرس رپورٹر) :ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) فارغ التحصیل ہنر مندوں کو بیرون ممالک روزگار فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرے گی۔ اس وقت ملکی انڈسٹری میں ٹیوٹا اداروں کے فارغ التحصیل ہنر مندوں کی کھپت ہو رہی ہے مگر بیرون ممالک کو ماہر افرادی قوت کی فراہمی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے تھے ۔ اس فیصلے پر عملدآمد کرنے کیلئے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں فارن پلیسمنٹ سینٹر کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہارچیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے فارغ التحصیل ہنر مندوں کو روزگار کی فراہمی کے حوالے سے افسران کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف آپرٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ اس وقت مڈل ایسٹ میں ہنر مندوں کی اشد ضرورت ہے مگر ٹیوٹا اداروں سے تربیت یافتہ نوجوانوں کی رسائی بیرون ممالک نہ ہونے کے باعث انہیں روزگار میسر نہیں ہو رہا تھا۔ ٹیوٹا بیرونی ممالک کے ساتھ موثررابطہ کرکے انکو اپنے اداروں سے ہنر مند فراہم کرے گی تاکہ انہیں ماہر افرادی قوت کی یقینی دستیابی ہوسکے۔ٹیوٹا پنجاب کے ان اقدامات سے نہ صرف ملکی سطح پر بیروزگاری کاخاتمہ بلکہ غیر ملکی زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔چیئرپرسن ٹیوٹا نے کہا کہ دو سال تک ٹیوٹا اداروں میں موجودہ تعداد کو بڑھا کر 4لاکھ تک لے جایا جائے گا۔گزشتہ سال کے دوران 98500نوجوانوں نے تربیت حاصل کی مگر اس میں سے صرف 50فیصد نے روزگار حاصل کیا اور جدید نصاب میں فنی تربیت حاصل نہ کرنے والوں کو روزگار نہیں مل سکا۔
پرانے کورسز میں غیر ضروری اور غیر فائدہ مندنصاب کو ختم کر کے جدید کورسز بھی متعارف کروائے جائیںگے۔ اس سلسلے میںڈسٹرکٹ بورڈ آف مینجمنٹ ، متعلقہ انڈسٹری کے ماہرین کے ساتھ ساتھ غیر ملکی ڈونرایجنسیوں کی مشاورت حاصل کی جائے گی ۔ 3اور 6ماہ دورانیہ کے مزیدجدیدکورسز میں شروع کئے جائیں گے تاکہ پڑھے لکھے بیروزگار نوجوان مختصر دورانیہ میں ہنر سیکھنے کے بعدا پنے کاروبار کا آغازیا صنعتی اداروں میں روزگار کے یقینی مواقع حاصل کر سکیں۔

مزید :

کامرس -