یونیورسٹی آف سرگودھا اورچینی انسٹی ٹیوٹ میںمفاہمتی یادداشت پر دستخط

یونیورسٹی آف سرگودھا اورچینی انسٹی ٹیوٹ میںمفاہمتی یادداشت پر دستخط

  

سرگودھا(اے پی پی) یونیورسٹی آف سرگودھا اور ایگری کلچر انفارمیشن انسٹی ٹیوٹ آف بیجنگ چین کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب یونیورسٹی کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔ سمجھوتے کی رو سے دونوں ادارے زراعت کی بہتری اورخوراک میں پیداوار کے حوالے سے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے جس میں اساتذہ اور تحقیقی معلومات کا تبادلہ شامل ہے نیز ایگری کلچر انفارمیشن انسٹی ٹیوٹ بیجنگ چین یونیورسٹی آف سرگودھا کے اساتذہ اور طلبہ وطالبات کواعلیٰ تعلیم کے لئے سکالر شپ بھی فراہم کرے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایگری کلچر انفارمیشن انسٹی ٹیوٹ بیجنگ پروفیسر زو شیوائی نے کہا کہ موجودہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ترقی کرنے کے ساتھ ساتھ زراعت کے میدان میں جدت اوربہتری لانے کادور ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرخیز زرعی ملک ہے جس کی زراعت کوجدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ اسے مزیدترقی یافتہ بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین ہمسایہ ملک ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین دوست بھی ہیں جو مختلف شعبوںمیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمدا کرم چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کوہ ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری ہے اور دونوں ممالک کا تمام شعبوں میں تعاون مثالی ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ اس سمجھوتے کے بعد زرعی میدان میں ایک نئے دور کا آغاز ہو گا ۔ قبل ازیں چین کے وفد کو یونیورسٹی میں جاری تعلیمی ،تشخیصی اور تعمیراتی پروگراموں کے بارے میں خصوصی بریفنگ دی۔اس موقع پر رجسٹرار بریگیڈئیر (ر)راﺅ جمیل اصغر ،ڈین فیکلٹی آف ایگری کلچر پروفیسر ڈاکٹر محمدا فضل،ڈین فیکلٹی آف سائنس پروفیسر ڈاکٹر ناظرہ سلطانہ ،پرنسپل ایگری کلچرکالج ڈاکٹر ظفراقبال، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اینڈ بپلی کیشنز پروفیسر ڈاکٹر حسین احمد پراچہ ، ڈائریکٹر سٹودنٹس افیئرز اعجاز اصغر بھٹی بھی موجود تھے۔        

مزید :

کامرس -