سانحہ پشاور‘ راولپنڈی چیمبر غم کی اس گھڑی میں شہید طلباءکے لواحقین کے ساتھ ہے: قائمقام صدرہمایوں پرویز

سانحہ پشاور‘ راولپنڈی چیمبر غم کی اس گھڑی میں شہید طلباءکے لواحقین کے ساتھ ...

  

راولپنڈی( کامرس ڈیسک)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائمقام صدرہمایوں پرویز نے پشاور واقعہ کی پُر زور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کے اسکول کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا غیر انسانی فعل ہے اور بربریت کی انتہا ہے ، راولپنڈی چیمبر غم کی اس گھڑی میں شہید طلباءکے لواحقین کے ساتھ ہے اور آپریشن ضرب عضب کی بھر پور حمایت کرتا ہے ، چیمبر سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک ناسور کی شکل اختیار کر گئی ہے اور آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

 اب بوکھلاہٹ میں شدت پسند معصوم بچوںکو اپنے انتقام کا نشانہ بنا رہے ہیں،اسلام کے نام پر اسلامی شعار کا مذاق اڑایا جا رہا ہے ، اسلام دین حنیف اور امن و سلامتی کا دین ہے جس میں کسی غیر مسلم کے ساتھ بھی ظلم و زیادتی کی کو ئی گنجائش نہیں ،پوری قوم متحد ہے اور معاشرے کے اس ناسور کو ختم کرنے کے لئے پاک فوج کے شانہ بشانہ ساتھ کھڑی ہے ، ملک کی تمام کاروباری برادری پاک فوج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ہرقسم کے تعاون کا اظہار کرتی ہے ۔قائمقام صدر نے کہا کہ حالیہ آپریشن سے دہشت گردی کے واقعات میں خاطر خواہ کمی آئی ہے اور آج کے واقعہ نے ثابت کر دیا ہے دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں اور اس قسم کے واقعات سے عوام میں خوف وہراس پیدا کرنا چاہ رہے ہیں جس میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔

مزید :

کامرس -