کاشتکار سبزیو ں کی نرسری کو کورے سے بچانے کے لئے اقدامات کریں،محکمہ زراعت

کاشتکار سبزیو ں کی نرسری کو کورے سے بچانے کے لئے اقدامات کریں،محکمہ زراعت

  

ملتان (اے پی پی) کاشتکار سبزیات کی کاشتہ نرسریوں کو شدید سردی اور ممکنہ کورے سے بچانے کے لئے پیشگی اقدامات کریں۔محکمہ زراعت ملتان کے ترجمان نے بتایا کہ سخت سردی اور کورا مرچ، ٹماٹر کی نرسری اور بینگن کی فصل کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے جس کے لئے مناسب اقدامات بروقت ضروری ہیں۔ نرسریوں کے کھیتوں کے شمال مغربی جانب سرکنڈہ یا سرکیاں لگائیں۔ پلاسٹک کی شیٹ میسر ہو تو اس سے ہر روز شام کے وقت نرسری کو ڈھانپ دیں۔

 اور صبح 9 بجے پلاسٹک اتار دیں یا باریک سریے کی 60 سینٹی میٹر اونچی کمانیں بنا کر چھوٹی سرنگ کی شکل بنا لیں اور اس کے اوپر پلاسٹک ڈال دیں۔ شمال کی طرف سے پلاسٹک کا کنارہ مٹی میں دبا دیں اور جنوبی کنارہ کھلا رکھیں تاکہ پانی لگانے یا گوڈی وغیرہ کرتے وقت اسے اوپر اٹھایا جا سکے۔ رات کے وقت اس کنارے پر اینٹ وغیرہ رکھ کر اس کو بند کر دیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ اگر نرسری میں کہیں بیماری نظر آئے تو اس کا پانی فوراً روک دیں اور بیمار اور مرجھائے ہوئے پودوں کو جڑ سے اکھاڑ کر گڑھے میں دبا دیں۔ پھپھوندکش زہر کا سپرے تنے اور تنے کے گرد والی زمین پر کریں اور جہاں سے پودے اکھاڑے جائیں وہاں پر بھی سپرے کریں۔ نرسری کا قد 5-4 سینٹی میٹر ہونے تک زمین کو وتر حالت میں رکھیں اور اس کے بعد آبپاشی کا وقفہ حسب ضرورت بڑھا دیں۔ اگر پودے کمزور ہوں تو زرعی ماہرین کے مشورہ سے مناسب کھادوں کا استعمال کریں۔ گوڈی اور جڑی بوٹیوں کی تلفی باقاعدہ کریں تاکہ پودوں کو صحیح خوراک میسر آ سکے۔ کھیت میں نرسری منتقل کرنے سے چند دن پہلے پانی روک دیں تاکہ نرسری سخت جان ہو جائے۔

مزید :

کامرس -