موبائل اور کیش سینچر گینگ کے سر غنہ سمیت 4 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا

موبائل اور کیش سینچر گینگ کے سر غنہ سمیت 4 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا

  

لاہور(کرائم سیل)سی آئی اے ماڈل ٹاؤن نے شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں جانے والی فیملیز اور بالخصوص خواتین کو گن پوائنٹ پر لوٹنے کے علاوہ ATM سے پیسے نکلوا کر جانے والے شہریوں کو لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث ڈکیت گینگ کے 4 ملزموں کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پرشہر کے مختلف علاقوں میں خواتین اور شہریوں سے لوٹے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فونز ،نقدی اور دیگر قیمتی اشیا ء برآمد کر لی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے ATM سے پیسے نکلوا کر جانے والے شہریوں اور خواتین کو گن پوائنٹ پر لوٹنے کی وارداتوں کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک کو اس وارداتوں میں ملوث گروہ کی گرفتاری کا ٹارگٹ دیاجنہوں نے سی آئی اے کی مختلف پولیس ٹیمیں بنا کر انہیں ایسی وارداتوں میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کا حکم دیا ۔ ڈی ایس پی سی آئی اے ماڈل ٹاؤن ملک داؤد کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے مختلف خفیہ معلومات کی روشنی میں ریڈ کر کے جمبو موبائل اور کیش سنیچر گینگ کے سرغنہ اللہ رکھا عرف جمبو کوتین ساتھیوں نقاش اعجاز بلا ، بابر علی ڈنڈا اور محمد افضل کوگرفتار کر کے ان کی نشاندہی پر لاکھوں روپے مالیت کے 5 مسروقہ موبائل فونز ، 27 ہزار روپے نقد اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے ۔ دوران تفتیش ملزموں نے شہر کے مختلف علاقوں سے موبائل اور کیش سنیچنگ کی درجنوں وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے ۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن عبدالرب چوہدری نے ڈکیت گروہ کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے ۔

مزید :

علاقائی -