ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات تیزی سے روشناس کرائی جارہی ہیں،خواجہ سلمان

ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات تیزی سے روشناس کرائی جارہی ہیں،خواجہ سلمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)مشیروزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے کے دور دراز علاقوں کے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ہیلتھ سیکٹر میں اصلاحات تیزی سے روشناس کرائی جارہی ہیں اور چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ کے تحت ہر ای ڈی او ہیلتھ کی کارکردگی جانچنے کے لئے سکور کارڈ متعارف کرایا جارہاہے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز یہاں تمام اضلاع کے ای ڈی اوز ہیلتھ کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز، عالمی ادارہ صحت،یونیسف،بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندوں کے علاوہ تمام ای ڈی اوز صحت اور پروگرام ڈائریکٹرز،سی ایم روڈ میپ پروگرام کے افسران نے شرکت کی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محکمہ صحت کے افسران،اہلکاران کی شب وروز محنت اور وزیراعلی،چیف سیکرٹری کی مسلسل مانیٹرنگ کی بدولت رواں سال ڈینگی کا مرض وبا نہیں بن سکا۔انہوں نے کہا کہ ایبولا وائرس کی روک تھام کے لئے بھی تمام ممکنہ اقدامات کئے گئے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اگلے سیزن میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے تمام متعلقہ شعبوں کو سردیوں کے موسم میں تیاری شروع کردینی چاہیے تاکہ صورتحال قابو میں رہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک نے کہا کہ کارکردگی جانچنے کے لئے جو سکور کارڈ متعارف کرایا جارہا ہے اس کے تحت کارکردگی کے لحاظ سے سر فہرست 5 اضلاع کے ای ڈی اوز کو کیش ایوارڈ جبکہ خراب کارکردگی والے ای ڈی اوز کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ نئے حالات اور تقاضوں کے مطابق اپنے آپ کو تیار کریں اور اب ہر آفیسر کو ڈلیور کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں ادویات کی خریداری ٖ (Procurement)کا آڈٹ کیا جائے گا۔ سیکرٹری صحت نے کہا کہ وزیراعلی کی ہدایت کے مطابق تمام ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں مریضوں کو ادویات کی100 فیصد فراہمی اور سٹاف کی حاضری یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کے شعبہ میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے افسران کو پہلے سے زیادہ فرض شناسی اور پیشہ وارانہ لگن سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ سیکرٹری صحت نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور ای ڈی اوز ہیلتھ کے وزٹ کو اینڈ رائیڈفون کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گااور افسران کو اینڈ رائیڈفون فراہم کر دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دن رات کے اوقات میں ضلع میں موجود ہسپتالوں کے اچانک دورے کئے جائیں اور نجی ہسپتالوں کا معیار چیک کرنا بھی ای ڈی او ہیلتھ کی ذمہ داری ہے۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈاکٹروں کی اگلے گریڈوں میں ترقی کے لئے بھی روڈ میپ تیار کر لیا گیا ہے اور محکمہ خزانہ نے 7500 سے زائد نئی آسامیاں فراہم کرنے کی حامی بھر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریڈ 17 اور 18 میں ترقی کے منتظر ڈاکٹرز اگلے گریڈ میں پرموٹ ہو جائیں گے اور 20 ویں گریڈ میں بھی کافی ترقیاں ہوں گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ترقی کی منتظر نرسوں کی 100 فیصد پروموش کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں اور پیرامیڈکس کے سروس سٹرکچر پر بھی کام ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام افسران اور ہسپتالوں کی ای مانیٹرنگ کے لئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے مدد لی جارہی ہے اور PITB نے اس سلسلہ میں سافٹ وئیر تیار کر لیا ہے۔