پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث گندگی اٹھانے کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کا گرینڈ آپریشن

پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث گندگی اٹھانے کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کا گرینڈ ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے بعد گزشتہ روز لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہر لاہور میں گرینڈ صفائی آپریشن کیا۔پی ٹی آئی کی جانب سے شہر کی اہم شاہراؤں ، چوک اور سڑکوں پر ٹائر جلانے سے شہر میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے تھے۔چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی خواجہ احمد حسان کی خصوصی ہدایت پرگزشتہ روز 18 مختلف مقامات سے صفائی آپریشن کیا گیاجس کے نتیجے میں دیگر کچرے کے علاوہ بڑی مقدار میں جلے ہوئے ٹائروں کی راکھ ٹھکانے لگائی گئی۔آپریشن کی قیادت سینئر منیجر آپریشنز سہیل انور ملک نے کی جبکہ منیجر آپریشنز سعید خان، آصف جٹ، ایاز خان اور آمنہ آصف خان بھی متعلقہ زون افسران کے ہمراہ فیلڈ میں موجود رہے اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ شاہدرہ ، ٹھوکر نیاز بیگ، بھاٹی چوک، سرکلر روڈ، کوآپریٹو سٹور چوک، شالامار باغ چوک، چونگی امر سدھو اور لبرٹی چوک سمیت دھرنوں کے تمام مقامات کی روائتی طریقے کے علاقہ مکینیکل سویپنگ و واشنگ کی گئی اور اس مقصد کے لیے ترک کمپنیوں البیراک و اوزپاک نے متعلقہ علاقوں میں دھرنوں کی جگہوں پر عملہ سمیت مشینری تعینات کی۔صفائی آپریشن صبح چھ بجے سے دوپہر دو بجے تک جاری رہا۔ایل ڈبلیوایم سی ترجمان و سربراہ کمیونی کیشن ڈیپارٹمنٹ جمیل خاور کے مطابق چیئرنگ کراس مال روڈ کے مرکزی دھرنے پر ابتر گندگی دیکھنے میں آئی جس کی صفائی کے لیے الگ ٹیمیں تعینات کی گئیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کی کوششیں جاری رہیں گی اور اس سلسلے میں اہل لاہور سے بھی تعاون کی اپیل کی جاتی ہے کہ گندگی پھیلانے میں احتیاط کریں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -