سکول پر حملے میں معصوم جانوں کے ضیاع کی شدید مذمت کرتے ہیں، ڈاکٹروسیم
لاہور (نمائندہ خصوصی) پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی و امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرسیدوسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے پشاور میں سکول پر حملے کے نتیجے میں سو سے زائد معصوم بچوں کے شہید ہونے کے واقعہ پر اپنے شدیدردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اس واقعہ نے پوری قوم کو شدید غم زدہ کردیاہے۔انہوں نے کہاکہ کوئی بھی مسلمان ایسا سفاک اور گھناؤناکام نہیں کرسکتا ۔قبائلی علاقوں، خیبرپختونخواہ سمیت پورے ملک میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتیں نام نہادامریکی جنگ میں ملوث ہونے کا تحفہ ہیں۔جب تک امریکہ افغانستان میں موجود ہے اس وقت تک پاکستان جنوبی ایشیاء میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ وقت آگیاہے کہ قومی سلامتی کی پالیسی کو ازسرنو مرتب کیا جائے اور وزیراعظم نوازشریف اس حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بلائیں تاکہ دہشت گردی پر قابوپایاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن جلد مکمل کرکے متاثرین کی گھروں کوواپسی کویقینی بنایاجائے۔جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے کہاکہ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کاخاتمہ اور امن وامان کی بحالی وقت کا تقاضا ہے۔قبائلی علاقوں میں امن کے قیام کے ساتھ ہی ملک میں امن کاخواب ممکن ہوسکتا ہے۔امن کے قیام سے ہی ملکی ترقی وخوشحالی ممکن ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت پورا ملک دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے۔تمام دینی وسیاسی جماعتوں کوملکی سلامتی کے لئے سرجوڑکربیٹھنا ہوگا اور امن کے قیام کے لئے اپناکردار اداکرنا ہوگا۔