بچوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے،نواز شریف

بچوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے،نواز شریف

  

     پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ معصوم جانوں کے ضیاع کے بعد کوئی وجہ نہیں دہشت گردوں کے ساتھ نرمی روا رکھی جائے، قوم کا عزم بلند ہے ، ہم دہشتگردوں کیلئے زمین کو تنگ کر دیں گے اور اپنے بچوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔ میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب جاری ہے اور دہشتگردوں کے مکروہ مقاصد کسی صورت مکمل نہیں ہونے دیں گے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ قوم میں تقسیم کی لکیر ختم مٹا دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے بہادر افسران اور جوانوں کی اگلی نسل کا خون بھی مادر وطن کیلئے بہہ رہا ہے۔ اس سے پہلے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سکول پر دہشتگردوں کے حملے کی اطلاع ملتے ہی ہنگامی طور پر پشاور پہنچے اور حکام سے صورتحال پر بات چیت کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے میرے بچوں پر حملہ کیا ہے۔ سانحہ میں شہید ہونے والوں کے ورثاء کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سانحہ پشاور نہ صرف ظلم کی انتہا ہے بلکہ دہشتگردوں کی جانب سے انتہائی بزدلی کا مظاہرہ بھی ہے۔ وزیراعظم نے پشاور سانحہ پر ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں ہونے والی دہشتگردی قومی سانحہ ہے۔ پاک فوج کو دہشتگردوں کیخلاف آپریشن میں حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے ہم سب کو ایک ہونا پڑے گا۔مذمتوں سے آگے بڑھ کر دہشتگردی کیخلاف پالیسی بنانا پڑے گی۔ قوم کو بھی اس آپریشن کی حمایت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے افواج پاکستان سے مل کر آپریشن ضرب عضب شروع کیا۔ اب دہشتگردوں کیخلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔ آپریشن ضرب عضب تب تک جاری رہے گا جب تک پاکستان سے دہشتگردی ختم نہیں ہو جاتی۔ ہم اپنی سرزمین سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کر دینگے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے سانحہ پشاور پر تمام پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس پشاور میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس آج صبح 11 بجے گورنر ہاﺅس میں ہوگا۔ دریں اثناءوزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے سیاسی جماعتوں سے رابطے کئے اور آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ تحریک انصاف کی طرف سے چیئرمین عمران خان ، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ، جہانگیر ترین اور ایم کیو ایم کے فاروق ستار بھی اے پی سی میں شریک ہونگے

مزید :

صفحہ اول -