سانحہ پشاور پر غمزدہ خاندانوں کے دکھ او رافسوس میں برابر کے شریک ہیں، عبد العلیم خان

سانحہ پشاور پر غمزدہ خاندانوں کے دکھ او رافسوس میں برابر کے شریک ہیں، عبد ...

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ پر ہر آنکھ اشک بار ہے اور ہم سب ان سینکڑوں غمزدہ خاندانوں کے دکھ او رافسوس میں برابر کے شریک ہیں جو دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں پی ٹی آئی لاہور سانحہ پشاور کی پرزور مذمت کرتے ہوئے تین دن کے لیے ہر قسم کی سیاسی سرگرمی منسوخ کرنے اور اپنے بھائیوں کے ساتھ سوگ منانے کا اعلان کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بلاشبہ آزمائش اور دکھ کی گھڑی ہے جس میں ہر پاکستانی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہم کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتے ہوئے ملک و قوم کی سلامتی کے لیے لڑی جانے والی جنگ کی ہرطرح سے حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کو گزشتہ تین عشروں میں پیش آنے والے جغرافیائی حالات اور اس کے پس منظر میں عالمی طاقتوں کی پالیسیوں کے پیش نظر جن خطرات اور مشکلات کا سامنا رہا ہے دہشت گردی اسی کا نتیجہ ہے اس میں کوئی شبہ نہیں کہ ہمیں قومی سطح پر اپنی پالیسیوں کا نئے سرے سے جائزہ لینا ہوگا لیکن آرمی پبلک سکول پشاور میں معصوم جانوں کا ضیاع ہر لحاظ سے قابل مذمت فعل ہے ۔

اور تمام سیاسی جماعتوں کو یک زبان ہو کر دہشت گردی کے عفریت کے خلاف افواج پاکستان کی اخلاقی اور عملی حمایت کرنا ہوگی یہ کسی ایک جماعت یا ادارے کا نہیں بلکہ ملکی سلامتی اور پاکستان کے مستقبل کا سوال ہے۔ عبدالعلیم خان نے پشاور کے سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبر اور ہمت وحوصلے کی دعا کی انہوں نے اس افسوسناک واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔دریں اثناءتحریک انصاف ضلع لاہور کے عہدیداران شعیب صدیقی، جمشید اقبال چیمہ، میاں افتخار، فرخ جاوید مون، شیخ عامراور ایم پی اے میاں اسلم اقبال نے بھی پشاور کے افسوسناک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے قومی سانحہ قرار دیا ہے اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔اس افسوسناک کی واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تحریک انصاف لاہو رکی طرف سے آج بلایا جانے والا اجلاس بھی منسوخ کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -