ملکی ترقی و امن کے فروغ کےلئے تعلیم بنیادی اہمیت رکھتی ہے، طاہر سندھو

ملکی ترقی و امن کے فروغ کےلئے تعلیم بنیادی اہمیت رکھتی ہے، طاہر سندھو

  

لاہور(کامرس رپورٹر)وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق پنجاب خلیل طاہر سندھونے کہا ہے کہ ملکی ترقی و امن کے فروغ کے لئے تعلیم بنیادی اہمیت رکھتی ہے اور ایک تعلیم یافتہ ماں ہی معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہے ۔وہ گزشتہ روز الحمرا ہال میں آغاز فا¶نڈیشن کے زیر اہتمام امن میں خواتین کا کردار کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے- سیمینار سے راحیلہ خادم حسین ایم پی اے،افتخار رسول ، ظفر ملک، روبینہ جمیل، عدیل برکی، عبداللہ ملک، سلیمان عابد، انور گجر اور دیگر نے بھی خطاب کیااور معاشرتی و معاشی ترقی میں خواتین کے کردار اور اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ ہر معاشرے کو مختلف مسائل کا سامنا کرنا ہوتا ہے لیکن ہمیں مایوسی کی بجائے ملکر مسائل کے حل اور معاشرتی امن ، ہم آہنگی و رواداری کے فروغ کے لئے جدوجہد کرنی ہو گی- انہوںنے کہا کہ حکومت نے خواتین کے کردار کی اہمیت کے تناظر میں ان کے تحفظ اور معاشی ترقی کے لئے اہم اقدامات کئے ہیں - وویمن پیکج 2012 اور 2014 ءمیں ان کو معاشی ترقی کے دھارے میں لانے اور معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کو یقینی بنایا ہے انہوںنے کہا کہ خواتین کا بحیثیت ماں بیٹی ، بہن اور بیوی احترام ہم سب پر فرض ہے -

 انہوںنے کہا کہ حضرت محمد کا آخری خطبہ انسانی حقوق کے تحفظ کی ضمانت ہے- بعد ازاں صوبائی وزیر نے سیمینارکے موضوع کے حوالے سے 100 طالبات کی بنائی ہوئی تصاویر دیکھیں- اس موقع پر خواتین کی اہمیت کے حوالے سے مختصر خاکہ بھی پیش کیا گیا۔خلیل طاہر سندھو نے سپیشل کونسل آف چرچز کے زیر اہتمام پر لیبیٹریرین چرچ آف پاکستان میں کرسمس کے حوالے سے تقریب میں شرکت کی اور بشپ سمیوئیل عزرایہ، ریورنڈ جاوید گل، ریورنڈ عارف مسیح، ریورنڈ راشد گل اور دیگر کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹا، صوبائی وزیر نے اس موقع پر تمام مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی۔بعد ازاں خلیل طاہر سندھو نے آرگنائزیشن فار ریسرچ اینڈ ایجوکیشن کے زیر اہتمام سیمینار میں اقلیتوں کے حقوق اور بطور پاکستانی شہری ذمہ داریوں کے حوالے سے خطاب کیا- انہوںنے کہا کہ ہمیں تمام تعصبات سے بالا تر ہو کر ملکی استحکام و ترقی کے لئے کام کرنا چاہیے -

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -