سانحہ پشاور ‘تاجروں کا آج یوم سوگ منانے کا اعلان

سانحہ پشاور ‘تاجروں کا آج یوم سوگ منانے کا اعلان

  

 لاہور(وقائع نگار)سانحہ پشاور کے سوگ میں آج صوبائی دارالحکومت کی تمام مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند رہیں گے ۔ شہر کی تمام تاجر تنظیموں نے سانحہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے آج مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ نماز ظہر کے بعد کئی مارکیٹوں میں سانحہ میں شہید ہونے والے بچوں اور دیگر کے لئے غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی ۔ جن تنظیموں کے رہنماؤں نے اعلان کیا ہے ان میں صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز و جنرل سیکرٹری عبدالرزاق ببر،آل پاکستان انجمن تاجران کے جنرل سیکر ٹر ی نعیم میر ،مسلم لیگ (ن)ٹریڈرز ونگ کے چیئر مین عرفان اقبال شیخ ،قومی تاجر اتحادکے جنرل سیکرٹری حافظ عابد علی ، صدر مال روڈ ٹریڈرز سہیل محمود بٹ ، صدر گلبرگ بورڈ سیرت حسین ، صدر جیل روڈ شہزادہ سلیم ، صدر لبرٹی و ملحقہ مارکیٹ صفدر بٹ ، صدر آٹو مارکیٹ وقار احمد ، صدر لٹن روڈ مارکیٹ ملک کاضم ،صرافہ ایسوسی ایشن سے منسلک تمام مارکیٹیں ، لوہا مارکیٹ ایسوسی ایشن ، کریم بلاک مارکیٹ ایسوسی ایشن ، انجمن تاجران طارق فیروز گروپ ، صدر شاہ عالم و ملحقہ مارکیٹ خواجہ عامر ، صدر ال پاکستان انجمن تاجران اشرف بھٹی گروپ ،سمیت تمام ایسوسی ایشن کی جانب سے مارکیٹیں و کاروبار مراکز بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر محمد اشرف بھٹی نے پشاور میں بچوں کے سکول پر خود کش حملے کی افسوس ناک اور دلخراش واقعے پرزور مذمت کی۔ طالب علموں پر خود کش حملہ یزیدی فعل ہے۔ حکومت خیبرپختونخوا ہ کو تعلیمی اداروں اور دیگر ترقیاتی اداروں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دینی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر محمد اشرف بھٹی نے پشاور میں ہونیوالے بچوں کے سکول پر دہشت گروں کے حملے کے حوالے سے تاجر برادری کے ہنگامی اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں انجمن تاجران لاہور کے صدر میاں طارق فیروز ، سنئیر نائب صدر خلیل الرحمان عبیر، سر پرست اعلی پاکستان انجمن تاجران ظہیر الدین بابر ، جنرل سیکرٹری انجمن تاجران نعیم بادشاہ اور دیگر عہدیدران نے شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم معصوم بچوں پر دہشت گروں کے حملے کی پرزور مذمت کرتے ہیں پورے ملک کو معصوم بچوں کی شہادت پر فخر ہے سکول میں زخمی اور شہید بچوں ، اساتذہ اور ان کے ورثاء کے ساتھ تاجر برادری ہر قسم کے تعاون کے لئے ہر پل کوشاں ہے۔ انجمن تاجران آٹو پارٹس کے صدر وقار احمد میاں نے پشاور میں دہشت گردی کے بدترین واقعہ کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کی تقدیر بدلنے سے پہلے صوبے کو سنبھالیں جہاں کی انتظامیہ کی نااہلی اور عدم دلچسپی کی وجہ سے یہ بدترین سانحہ رونما ہوا ہے۔ ایک بیان میں وقار احمد میاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دھرنوں میں ناچنے کے بجائے صوبے کے عوام کو تحفظ دینے کے لیے اقدامات اٹھائے ہوتے تو آج قوم کو یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردوں کو آہنی ہاتھوں سے کچل دے اور وفاقی و پنجاب حکومت سمیت بقیہ صوبائی حکومتیں بھی خیبرپختونخوا حکومت سے بھرپور تعاون کریں۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے چیرمین حاجی مجاہد مقصود اور صدر خالد پرویز نے ہنگامی اجلاس طلب کرکے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کو قتل کرنا کسی انسان کا کام نہیں یہ فعل کرنے والے درندہ ان کے خلاف فوری طور پر سخت کارروائی عمل میں لانی چاہیے ۔ انہوں نے ورثہ سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -