سقوط ڈھاکہ ماضی کے نااہل حکمرانوں کی سنگین غلطیوں کا شاخسانہ تھا،الطاف حسین

سقوط ڈھاکہ ماضی کے نااہل حکمرانوں کی سنگین غلطیوں کا شاخسانہ تھا،الطاف حسین

  

لندن(آئی این پی ) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکہ ماضی کے نااہل حکمرانوں کی سنگین غلطیوں کا شاخسانہ تھا،یوم سقوط ڈھاکہ کو ملک بھر میں ”یوم ندامت “ کے طور پر منانا چاہئے،عوامی مطالبات پرعدم توجہ کوئی بھی سانحہ جنم دے سکتی ہے۔یوم سقوط ڈھاکہ کے موقع پر اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ سابقہ مشرقی پاکستان میں بنگالی عوام کے ساتھ مسلسل کی جانے والی ناانصافیوں اور زیادتیوں کے سبب ملک دولخت ہوا تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ اگر مغربی پاکستان کے حکمران سابقہ مشرقی پاکستان کی جماعت عوامی لیگ کے جائز مینڈیٹ کو تسلیم کرلیتے اور انہیں ان کے حقوق دے دیتے تو سقوط ڈھاکہ نہ ہوتا اور ملک دولخت ہونے سے بچ جاتا لیکن سابق حکمرانوں کی روش نے بنگالی عوام کو ان کے حقوق دینے کے بجائے ملک توڑنا گوارا کرلیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ آج بھی ملک میں مختلف قومیتوں کے عوام کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے اور نئے انتظامی یونٹس کے عوامی مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی جبکہ آہستہ آہستہ معاملات اس نہج کی طرف جاتے دکھائی دے رہے ہیں جو کسی بھی سانحہ کو جنم دینے کا سبب بن سکتے ہیں۔

مزید :

علاقائی -