پشاور واقعہ کی مذمت ،بچوں کی حفاظت میں ناکام رہنے والوں کو حکومت کرنیکا حق نہیں ،سراج الحق

پشاور واقعہ کی مذمت ،بچوں کی حفاظت میں ناکام رہنے والوں کو حکومت کرنیکا حق ...

  

       پشاور(اے این این)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پشاور کے آرمی پبلک سکول پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کی حفاظت میں ناکام رہنے والوں کو حکومت کرنے کا حق نہیں،عوام کے جان و مال کا تحفظ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے،یہ وقت آپس میں لڑنے کا نہیں ہے بلکہ اس وقت مکمل اتحاد و یگانگت کی ضرورت ہے۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پشاور میں سکول پر حملہ انتہائی درد ناک سانحہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی حفاظت قومی اور صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے جو حکمران بچوں کی حفاظت نہیں کرسکتے انہیں حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ چند خاندانوں کے نہیں، 18 کروڑ عوام کے بچے تھے آج پشاور میں سینکڑوں پھول جیسے بچے شہید کردیے گئے ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ یہ وقت آپس میں لڑنے کا نہیں ہے بلکہ اس وقت مکمل اتحاد و یگانگت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ زخمی بچوں سے میری بات ہوئی ہے جن کے حوصلے بلند ہیں ۔انھوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت مرکزی اور صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ ہر چیز میں کوتاہی برداشت ہو سکتی ہے لیکن اپنے بچوں اور جان و مال کی حفاظت میں سستی اور کوتاہی ناقابل برداشت ہے وفاقی اور صوبائی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ بھوک اور افلاس اپنی جگہ لیکن عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالات کا تقاضہ ہے کہ قوم کے اندر یکجہتی ہو ۔

مزید :

علاقائی -