چوتھا ون ڈے: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 رنز سے شکست دیدی، سیریز 2-2 سے برابر

چوتھا ون ڈے: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 رنز سے شکست دیدی، سیریز 2-2 سے برابر
چوتھا ون ڈے: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 7 رنز سے شکست دیدی، سیریز 2-2 سے برابر

  

ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) نیوزی لینڈنے چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو سات رنز سے شکست دیدی ہے۔ کیویز کی طرف سے دیئے گئے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 50 اوورز میں قومی ٹیم  292 رنز ہی بنا سکی جبکہ اس کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ کیوی کپتان ولیم سن 123 رنز بنا کر جبکہ یونس خان 103 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ نیوزی لینڈ کے ڈینیئل ویٹوری نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 299 رنز بنائے جس کے بعد پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز احمد شہزاد اور ناصر جمشید نے اننگز کا آغاز کیا تا ہم احمد شہزاد بغیر کوئی رن بنائے ہینری کے ہاتھوں آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ جس کے بعد یونس خان نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور ناصر جمشید کے ہمراہ 50 رنز کی پارٹنر شپ مکمل کی مگر ناصر جمشید 30 بنا کر اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار پائے۔

محمد حفیظ بھی جم کر بیٹنگ نہ کر سکے اور محض تین رنز بنا کر ہی ویٹوری کی گیند پر وکٹ کیپر رونچی کے ہاتھوں میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔حارث سہیل بھی ویٹوری کی ہی گیند پر لیتھم کے ہاتھوں کیچ آ ؤٹ ہو ئے، وہ 13 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔عمر اکمل 29 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو ئے۔شاہد خان آفریدی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 25 گیندوں پر 49 رنز بنائے اور وہ ملنے کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔

یونس خان نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 103 رنز بنائے اور ویٹوری کی گیند پر بولڈ ہوئےتو وکٹ کیپر سرفراز احمد نے سہیل تنویر کے ہمراہ جم کر کھیلنے کی کوشش کی تاہم وہ 18 رنز بنا کر میک کلین گھان کی گیند پر وکٹ کیپر رونچی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔سہیل تنویر 11 جبکہ انور علی 20 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنا ئے۔ کپتان ولیم سن 123 رنز بنا کر نمایاں رہے، پاکستانی باؤلر محمد عرفان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گپٹل اور براؤنلی نے اننگز کا آغاز سنبھل کر کیا اور 81 رنز کی پارٹنر شب مکمل کی۔ براوٗنلی48 گیندوں پر 42 رنز بنا کر  پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کی گیند پر عمراکمل کے ہاتھوں کیچ پکڑے جانے پر آؤٹ قرار پائے جبکہ تئیسویں اوور میں گپٹل بھی سہیل تنویر کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے سات چوکوں کی مدد سے شاندار 58 رنز بنائے۔ان کے بعد راس ٹیلر 26 رنز بنا کر محمد عرفان کا شکار بنے۔

کپتان ولیم سن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے123 رنزمکمل کیے اور وہ محمد عرفان کی گیند کا شکار ہوئے۔انہوں نے دوران بیٹنگ 12 چوکے لگائے اور نیوزی لینڈ کی طرف سے 300 رنز کے ہدف کو یقینی بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

 پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا چوتھا میچ آج ابوظہبی میں کھیلا جا رہا ہے جو مقامی وقت کے مطابق 4 بجے شروع ہو گا۔ میچ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں اور اسد شفیق،وہاب ریاض کو ڈراپ کر کے ان کی جگہ ناصر جمشید اور انور علی کوپلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹاس سے پہلے سانحہ پشاور میں شہید ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی کی جبکہ کپتان شاہد آفریدی ٹاس کیلئے میدان میں آئے تو ان کے بازو پر سیاہ پٹی بندھی نظر آئی۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ قوم کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

مزید :

کھیل -