ایم کیو ایم پاکستان کاپی ایس ایل کو پرائیویٹ کمپنی بنانے کیخلاف وزیر اعظم نوا زشریف کوایک اور خط
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کو پرائیویٹ کمپنی بنانے اور پی سی بی سے الگ کرنیکا معاملہ ،متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم ) کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی نے پی سی بی کے پیٹرن انچیف وزیر اعظم نواز شریف کو خط کے ذر یعے کرکٹ بورڈ کے معاملات میں مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا ہے ،خط میں پی سی بی گورننگ باڈی کے چیئر مین نجم سیٹھی کے بیانا ت کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی کی جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی کرکٹ کو بچانے کیلئے وزیر اعظم کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ، وزیر عظم پاکستان سپر لیگ کو پرائیویٹ کمپنی بنانے کا فیصلہ منسوخ کروائیں ، نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کو کرکٹ بورڈ کی سیاست سے دور رکھنے کا تاثر خود کو بچانے کیلئے کیا ، بقول نجم سیٹھی پی ایس ایل کو الگ کمپنی بنانے کا مشورہ اسحق ڈار نے دیا ، بتایا جائے کہ پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کی کتنی آمدن ہوئی اور کتنے خرچ ہوئے ، پی ایس ایل کیلئے کام کرنیوالوں کو دی جانیوالی سہولیات، مراعات کی تفصیلات عہدوں کیساتھ فراہم کی جائے ، پارلیمنٹرینز، حکومتی شخصیات، سیلبریٹیز ، میڈیا پرسنز کو دبئی میچ دکھانے پر کتنے اخراجات برداشت کئے گئے ، مئی2013سے اب تک چیئرمین کرکٹ بورڈ سمیت بورڈ کے کسی رکن کو بیرون ملک علاج کی مد میں دی جانیوالی گرانٹس کی تفصیلات فراہم کی جائے ۔
