سوئی گیس ٹاسک فورس کا تاریں بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ
لاہور(خبرنگار) سوئی گیس ٹاسک فورس نے باغبانپورہ کے علاقہ میں کارروائی کرتے ہوئے بائی پاس لائن کے ذریعے گیس چوری کرکے تاریں بنانے والی فیکٹری کو فراہمی پکڑ کر منقطع کردی۔ کمپنی کو لاکھوں روپے سالانہ کا نقصان کا سلسلہ ختم ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق جی ایم لاہور قیصر مسعود اور چیف انجنیئر عمران الطاف ساہی کی ہدایت پر ڈپٹی چیف انجنیئر بلال اصغر کی زیر نگرانی یو ایف جی ٹاسک فورس نے خفیہ اطلاع پر ڈسٹری بیوشن افسر چوہدری شرافت علی کی سربراہی میں باغبانپورہ کے علاقہ سلطان محمود روڈ پر چھاپہ مارا تو بائی پاس لائن کے ذریعے گیس چوری کرکے تاریں بنانے والی فیکٹری کو فراہم کی جارہی تھی۔ ٹیم نے بائی پاس لائن اکھاڑ کر نکال لی جس سے گیس چوری کا سلسلہ ختم ہوگیا اور مقدمے کے اندراج کیلئے متعلقہ تھانے میں درخواست جمع کرادی۔ڈپٹی چیف انجینئر بلال اصغر کے مطابق گیس چوری کے ذریعے کمپنی کو سالانہ لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہا تھا۔
