یونیورسٹی آف بونیر کا قیام ضلع بونیر کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا ، حبیب الرحمان
پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کے وزیر زکواہ،اوقاف و مذہبی امور حاجی حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ یونیورسٹی آف بونیر کا قیام اہلیان ضلع بونیر کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا جسے پورا کر دیا گیا ہے اور انشاء اللہ مذکورہ ضلع میں مزید اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس کا اجراء کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور میں ضلع بونیر سے آئے ہوئے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔حاجی حبیب الرحمان نے کہا کہ وہ بونیر کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور صوبائی حکومت اپنے وسائل میں رہتے ہوئے انہیں بتدریج حل کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کے شروع کردہ منصوبے کسی پر احسان نہیں کیونکہ بحیثیت منتخب نمائندہ ہونے کے یہ ان کی اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ عوام کی ترقی اور خوشحالی کو مقدم رکھیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف بونیر کی تعمیر پر کروڑوں روپے کی لاگت آئے گی جس میں میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے با صلاحیت پروفیسر وں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی اور بہت جلد صوبائی اور قومی سطح پر یونیورسٹی آف بونیر ایک عظیم درس گاہ ہوگی۔انہوں نے وفد کو تلقین کی کہ وہ اپنے فروعی اختلافات بھلا کر علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں
