اے پی ایس پر حملہ کرنیوالے انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں :زاہد خان

اے پی ایس پر حملہ کرنیوالے انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں :زاہد خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پبی ( نما ئندہ پاکستان) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد خان نے اے پی ایس پشاور سکول پر حملے کو درندگی کا واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آور انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں۔جب تک دہشت گردانہ ذہنیت کی پیداوار ،آماجگاہوں اور پنا ہ گاہوں کو ختم نہیں کیا جاتا اس وقت تک امن اور ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔زاہد خان نے کہا کہ درسگاہوں پر حملہ کرنیو الے بیمار ذہنیت اور جاہلیت کے پیرو کار ہیں جاہلانہ نظریات اور سوچ کو زبردستی مسلط کرنے والوں کے ہاتھ نہ روکے گئے تو مستقبل خطرے میں رہے گا۔زاہد خان نے کہا کہ اے این پی کے مطالبے پر جوڈیشنل کمیشن ابھی تک قائم نہیں کیا گیا اگر جوڈیشنل کمیشن قائم کر کے مجرموں کا سراغ لگا کر کیفر کردار تک پہنچا دیا جاتا تو مردان،چارسدہ،کوئٹہ جیسے واقعات رونما نہ ہوتے لیکن ریاست اور حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔شہدائے اے پی ایس کے لواحقین مجرموں کو کیفر کردارتک پہنچانے کیلئے چوکوں چوراہوں میں دھرنے دیتے ہیں لیکن نیشنل ایکشن پلان بنانے والوں کے دل و دماغ پر لواحقین کی چیخوں کا کوئی اثر نہیں ہو رہا۔زاہد خان نے کہا کہ کالعدم تنظیمیں دار الحکومت میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔دہشت گردوں کے سہولت کار،مددگار کھلے عام اسلحہ برداروں کے ہمراہ ملک بھر میں دندناتے پھررہے ہیں۔ زاہد خان نے کہا کہ اے این پی کی سوچی سمجھی رائے ہے کہ لشکر بنانے کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔اچھے اور برے کی تمیز سے نکل کر جب تک صرف پاکستانیت کو ہی حب الوطنی کے طور پر پہلی ترجیح نہیں بنائی جائے گی۔ اس وقت تک سانحہ اے پی ایس جیسے حملے اور واقعات کو نہیں روکا جا سکتا۔زاہد خان نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان واقعات کے حوالے سے سپریم کورٹ میں زیر بحث رپورٹ کو منظر عام پر لا کر پارلیمنٹ میں کھلی بحث کے ذریعے د ہشت گردوں، ان کے سرپرستوں، سہولت کاروں اور مددگاروں کو بے نقاب کیا جائے۔