سانحہ کوئٹہ، کمیشن رپورٹ کے صرف ایک حصے پر بحث کی جارہی ہے ،باقی چیزوں کو کوئی نہیں دیکھ رہا :ڈاکٹر مصدق ملک
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان ڈاکٹرمصدق ملک نے کہا ہے کہ کوئٹہ کمیشن رپورٹ کے صرف ایک حصے پر بحث کی جارہی ہے جو وزیرداخلہ کے خلاف ہے ،باقی چیزوں کو کوئی نہیں دیکھ رہا،اداروں کی بہتری اور دہشت گردی میں کمی بھی ہوئی، یہ چوہدری نثار علی خان کی کامیابی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان کی قیادت میں دہشت گردی میں کمی اورامن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی اس پر کوئی بات نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ کمیشن کی رپورٹ میں حکومتی کامیابیوں کا بھی ذکر ہے لیکن صرف چوہدری نثار کی ذات پر ہونے والی باتوں کو اچھالا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان،کالعدم لشکر جھنگوی، کالعدم المنصور،کالعدم لشکر حراسان اور اس طرح کی کئی تنظیموں کے آج نام تک نہیں ہیں،ملک میں 70سال سے مدرسے چل رہے ہیں کسی نے رجسٹریشن نہیں کی،ڈیڑھ سال میں رجسٹریشن بھی ہوئی اور ریفارمز بھی لائی گئیں،ملک میں40سال سے بسنے والے افغان مہاجرین کی بھی رجسٹریشن کا عمل ڈیڑھ سال میں ہوگیا،فارنزک لیب بنائی گئی۔
