ایف پی سی سی آئی الیکشن میں یوبی جی کامیاب ہوگا: راؤخورشید علی
لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور ٹریڈرز رائٹس فورم کے سینئر وائس چےئرمین راؤ خورشید علی نے کہاہے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر ز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے الیکشن 2018 ء میںیونائٹیڈبزنس گروپ کا پلڑا بھاری رہے گا ۔ امید ہے کہ یوبی جی گروپ مخالف گروپ بزنس مین پینل کو کلین سویپ کریگا ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ راؤ خورشید علی نے کہا کہ ملک بھر کی تاجر برادری نے یوبی جی گروپ کا ساتھ دینے فیصلہ کرلیا ہے ، یہ وجہ ہے کہ ملک کے چیمبرز اور ایسوسی ایشنز میںیونائیٹیڈ بزنس گروپ کی بلا دستی قائم ہے ، جس کے باعث یوبی جی گروپ کی مخالف گروپ کے مقابلے میں کامیابی یقینی ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یوبی جی کے رہنماؤں ایس ایم منیر ، افتخار علی ملک اور میاں ادریس سمیت دیگر قائدین نے ہمیشہ تاجروں کے مفادات کو ترجیح دی ہے اور تاجروں کے مسائل کو حکومتی ایوانوں تک لے جانے میں حیل و حجت سے کام نہیں لیا ۔
انہوں نے کہاکہ یوبی جی گروپ کے نائب صدر کے امیدوار عرفان یوسف پہلے ہی بلا مقابلہ اپنی سیٹ جیت چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ لاہور ٹریڈرز رائٹس فورم، ایف پی سی سی آئی کے انتخابات 2018ء میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے قائدین کو مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہے ، انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے اور معیشت کی کشتی بحرانوں کے گرداب میں پھنسی ہوئی ہے ان حالات میں یوبی جی گروپ کی قیادت ہی بزنس کمیونٹی کو مشکل حالات سے نکال سکتی ہے ۔
