مستحق فنکارنظر انداز پنجاب حکومت کیخلاف احتجاج کا اعلان

مستحق فنکارنظر انداز پنجاب حکومت کیخلاف احتجاج کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( فلم رپورٹر)پنجاب حکومت کی طرف سے مستحق فنکاروں کونظراندازکرنے پرآرٹسٹوں نے احتجاجی مظاہرے اوردھرنا دینے کااعلان کردیا۔فنکارچھ ماہ سے وظیفے نہ ملنے پر بے روزگارجبکہ بیمارفنکارشدیدپریشانی کاشکارہوگئے۔پنجاب حکومت نے مستحق فنکاروں کے وظیفے چیک کے بجائے خدمت کارڈزکے ذریعے دینے کااعلان کیاتھاجس کیلئے اربن یونٹ نے فنکاروں کے گھروں میں جاکرسروے کیااورپنجاب بھرکے پانچ سوسے زائدفنکاروں کوخدمت کارڈز کیلئے منتخب کیاگیا تمام مراحل مکمل ہونے کے باوجودجولائی کے بعدانہیں خدمت کارڈزجاری نہ ہوئے ، معلوم ہوا کہ وزارت ثقافت نے تمام کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے بعدفنکاروں کوخدمت کارڈزجاری کرنے کیلئے 8کروڑ روپے کے فنڈزکی ڈیمانڈکی ہے لیکن ابھی تک پنجاب حکومت نے فنڈزمنظورنہیں کئے ۔
جسکے باعث خدمت کارڈز التوا کاشکارہیں۔
جس پرانہوں نے حکومت پنجاب سے اپنااحتجاج ریکارڈکرانے کافیصلہ کیاہے۔بتایاگیا کہ فنکارکل لاہورپریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ا ورعلامتی دھرنادینگے اگرانکی شنوائی نہ ہوئی تووہ آئندہ چندروزتک مستقل دھرنے کااعلان کرینگے۔فنکاروں کاکہناتھا کے پی کے حکومت نے ’’ثقافت کے زندہ امین ‘‘کے عنوان سے فنکاروں کی پذیرائی کیلئے سکیم شروع کی جو کامیابی سے جاری ہے وہاں تمام فنکاروں اورتکنیک کارو ں کوہرماہ 30ہزارروپے ماہانہ وظائف دئیے جاتے ہیں۔اس حوالے سے سینئراداکارہ صابرہ سلطانہ ،نثاربٹ ،عنایت بیلی، گلوکارانوررفیع ،استادحسین بخش گلو،آصف جاوید اورشفاعت اعوان کاکہناتھا ہم چھ ماہ سے انتظارکررہے ہیں لیکن ہماری درخواست پرغورنہیں کیاجارہا جسکی وجہ سے ہم احتجاج کرنے پرمجبورہوگئے ہیں،متعددفنکاروں کے پاس ادویات خریدنے کیلئے پیسے نہیں ہیں۔ریڈیوکی سینئرگلوکارہ آسیہ نقوی ادویات نہ ملنے کے باعث کسمپرسی کی حالت میں انتقال کرگئیں ،ایم پرویزجگنوگلے کے کینسرمیں مبتلاہیں لیکن ان کے پاس دوائی کے پیسے تک نہیں اسی طرح بہت سے فنکاربیماری اورکسمپرسی کی زندگی گزاررہے ہیں۔ان کاکہناتھا اس سے قبل 138فنکاروں کومجموعی طورپر پانچ کروڑ روپے کے فنڈزملتے تھے اب پانچ سوفنکاروں کیلئے آٹھ کروڑروپے اونٹ کے منہ میں زیرہ دینے کے مترادف ہے۔

مزید :

کلچر -