کوہلی اور انوشکا کا ممبئی میں استقبالیہ کے لیے انوکھا دعوت نامہ تیار
ممبئی (نیٹ نیوز)بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے 26 دسمبر کو ممبئی میں ہونے والے استقبالیہ کے لیے انوکھا دعوت نامہ تیار کیا ہے۔ جوڑا ہنی مون کے لیے یورپی شہر روم میں موجود ہے۔بھارتی کرکٹ اسٹار اور بالی وڈ حسینہ کی جوڑی نے اپنے قریبی دوستوں کے لیے دہلی میں 21 دسمبر اور ممبئی میں 26 دسمبر کو استقبالیہ رکھا ہے جس میں کرکٹرز اور بالی وڈ کی معروف شخصیات شرکت کریں گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ انوشکا شرما نے ممبئی میں ہونے والے استقبالیہ کے لیے انوکھا دعوت نامہ بنوایا ہے جس میں چاکلیٹ کے ساتھ ساتھ ایک پودا بھی موجود ہے۔ دونوں کے استقبالیہ کا کارڈ ڈیزائنر سینڈی کھرانہ نے تیار کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ یہ خاص کارڈ ہے جس میں ایک پودا بھی دیا جارہا ہے کیوں کہ انوشکا شرما چاہتی تھیں کہ پودا بھی دعوت نامے کا حصہ ہونا چاہئے تاں کہ جس مہمان کو بھی کارڈ دیا جائے وہ اس پودے کو یادگار کے طور پر اپنے پاس رکھے۔شادی کارڈ کے دوسری طرف ایک ڈبہ ہے جس میں چاکلیٹس اور ٹافیاں ہیں جو کہ فرانسیسی کمپنی ’فلیور ڈی لیس‘ نے تیار کی ہیں جن کا ذائقہ ہیزل نٹس اور ٹرفل جیسا ہے۔شادی کا یہ انوکھا دعوت نامہ کئی اداکاروں اور ہدایت کاروں کو مل چکا ہے جن میں مہیش بھٹ بھی شامل ہیں۔مہیش بھٹ نے ٹوئٹر پر شادی کا کارڈ شیئر کرتے ہوئے انوشکا اور ویرات کو شادی کی مبارکباد دی ہے۔
