بغاوت کیس میں سربراہ ایم کیو ایم لندن کے دائمی وارنٹ جاری
لاہور(نامہ نگار)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بغاوت کیس میں ایم کیوایم لندن کے سربراہ کے مقدمہ میں گواہوں کے بیان قلمبند کرنے کے بعد کیس داخل دفتر کرتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ جاری کردیئے ہیں۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کیس کی مدعیہ آمنہ کا بیان قلمبند کرنے کے بعد یہ احکامات جاری کئے ہیں۔ عدالت نے تھانہ پرانی انارکلی کو حکم دیا ہے کہ ملزم کی جب بھی گرفتاری ہو چالان عدالت میں دوبارہ پیش کیاجائے ،عدالت میں پرانی انارکلی پولیس نے آمنہ نامی خاتون کی رپورٹ پر مقدمہ درج کیا تھا چالان عدالت میں آنے پر اس کیس میں سربراہ ایم کیو ایم کو اشتہاری ملزم قرار دیا گیا ہے ،بعد میں کیس کی مدعیہ آمنہ اور دیگر 3پولیس اہلکاروں کے بیانات قلمبند کئے گئے جس کے بعد عدالت نے اس چالان کو عارضی طور پر داخل دفتر کردیاہے۔
