حکومت پی آئی اے کی بحالی کیلئے ہرممکن امداد فراہم کریگی، میاں محمد سومرو

حکومت پی آئی اے کی بحالی کیلئے ہرممکن امداد فراہم کریگی، میاں محمد سومرو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پی آئی اے درست سمت میں جارہی ہے اور حکومت اس کی بحالی کے لئے ہر ممکن امداد فراہم کرے گی۔یہ بات نجکاری اور ایوی ایشن کے وفاقی وزیر محمد میاں سومرو نے ائر لائن ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر کہی۔ انہوں نے پی آئی اے کے صدر وچیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک سے ملاقات کی جس میں انہیں ائر لائن کی کار کردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔پی آئی اے کے سینئر افسران سے خطاب کرتے ہوئے ایوی ایشن کے وزیر نے کہا کہ پی آئی اے میں ترقی کے بہت زیادہ مواقع اور صلاحیت موجود ہیں اور اس کی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کیا جا سکتا ہے ۔ حکومت پی آئی اے کو ایک منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے کوشاں ہے اور اس کے لئے ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے گی۔ محمد میاں سومرو نے کہا مارکیٹ میں مقابلے کے لئے ہمیں اپنی خدمات کے معیار میں مزید بہتری لانا ہو گی اورجدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا ہوگا۔مسافر ہماری اولین ترجیح ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی آئی اے میں فالتو اخراجات ختم کر کے بچت کی جائے۔وزیر ہوا بازی نے ائر مارشل ارشد ملک کی قیادت میں اٹھائے جانے والے اقدامات کی تعریف کی جن کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ قبل ازیں ائر مارشل ارشد ملک نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ پی آئی اے کے بند کئے گئے روٹس کو بحال کیاجارہا ہے جبکہ نیٹ ورک میں وسعت کے لئے نئے منافع بخش روٹس کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ کھانوں کے معیار اور شیڈولنگ میں بہتری لائی گئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ائر لائن میں پہلی دفعہ اخراجات میں کمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے ان نئے اقدامات کی بدولت ائر لائن کے معیار میں بہتری دیکھنے میں آرہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کے علاوہ ائر لائن کے ریونیو میں اضافے کے لئے خاص طور پر کارگو سیکٹر پر توجہ دی جارہی ہے جس سے ریونیو میں اضافے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ دورے کے اختتام پر انہوں نے ائر لائن ہیڈ آفس کا دورہ کرنے اور ائر لائن کی بحالی میں تعاون پر وزیر ایوی ایشن کا شکریہ ادا کیا ۔ محمد میاں سومرو کو ائر مارشل ارشد ملک کی جانب سے پی آئی اے کی یاد گاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔