آرمی پبلک سکول کے شہدا ہمارے ہیرو ہیں ، بچوں کی شہادت ہمیشہ یاد رکھی جائیگی: وزیر اعلٰی گورنر خیبر پختونخوا
پشاور (این این آئی)وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے بچوں کی شہادت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، دلخراش واقعہ کے بعد پوری قوم اور ادارے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے متحد ہوئے۔سانحہ آرمی پبلک اسکول کے حوالے سے اپنے بیان میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ ہم آج بھی غمزادہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس ناقابل تلافی نقصان پر والدین کے صبر و استقامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وزیر اعلی نے کہاکہ سانحہ کے بعد حکومتی، سیاسی اور عسکری قیادت نے اتفاق رائے سے نیشنل ایکشن پلان بنایا، جو پرامن خیبرپختونخوا اور پاکستان کی جانب درست اور بروقت اقدام ثابت ہوا۔وزیر اعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درامد کے سلسلے میں بہترین کردار ادا کیا۔ دریں ثناء گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے آرمی پبلک سکول کے شہداء کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا ہمارے ہیرو ہیں، قوم نے آزمائش کی گھڑی میں ہمیشہ ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ 4 سال پہلے دشمن نے ہمارے بچوں کو براہ راست گولی کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہاکہ بلاشبہ کبھی بھی دشمن سے کسی نرم گوشے کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھاکہ اے پی ایس کے شہدا نے لازوال قربانیوں سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادئیے۔
وزیر اعلی ،گورنرخیبرپختونخوا