سول ہسپتال ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کا آن لائن سسٹم خراب

سول ہسپتال ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کا آن لائن سسٹم خراب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سول اسپتال کراچی کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں آن لائن سسٹم خراب ہونے کی وجہ سے مریض رل گئے۔ سول اسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی لیب میں انتظامیہ کا مریضوں کو مینوئل پرچی دینے اور خون ٹیسٹ کے لئے ٹیوبز دینے سے انکار۔مریضوں کی حالت تشویشناک ہونے پر بھی اسپتال انتظامیہ ٹس سے مس نہ ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ہفتہ کو سول اسپتال کراچی کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں دوپہر 4 بجے سے آن لائن سسٹم خراب ہونے کی وجہ سے ڈاکٹرز کی جانب سے تجویز کردہ خون کے ٹیسٹ کرانے کے لئے جب مریض انٹری کرانے لیبارٹری میں بلڈ ٹیوب لینے پہنچے تو انتظامیہ نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ انٹرنیٹ سروس بند ہونے کی وجہ سے آن لائن سسٹم خراب ہوگیا ہے جس کی وجہ سے خون ٹیسٹ کرانے کی ٹیوبز کمپیوٹر میں انٹری کئے بناء ہم نہیں دے سکتے۔ آپ انتظار کرسکتے ہیں تو کرلیں۔ ہم نے آئی ٹی والوں کو کمپلین کردی ہے۔ جب انٹرنیٹ ٹھیک ہوگا تب ہی مریضوں کو بلڈ جمع کرنے والی ٹیوب دی جائیں گی۔ سول اسپتال کی ایمرجنسی میں اس وقت کچھ مریض انتہائی تشویشناک حالت میں تھے اس کے باوجود لیب انتظامیہ نے انہیں خون ٹیسٹ کرانے کے لئے ٹیوبز نہیں دیں۔ ایک عینی شاہد مریض ذوالفقار علی نے بتایا کہ وہ سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیشن (سیسی) کا ملازم ہے۔ اسے سیسی کے ولیکا اسپتال سے SIUT ریفر کیا گیا۔ SIUT نے مجھے سول اسپتال کی ایمرجنسی میں اپنا چیک اپ کرانے کے لئے بھیج دیا۔ مجھے خون کی الٹیاں ہوئی تھی جس کی وجہ سے میں پہلے ایس آئی یو ٹی اور پھر سول اسپتال کی ایمرجنسی میں پہنچا تو سول اسپتال ڈاکٹر نے اسے الٹراساؤنڈ اور خون کے مختلف ٹیسٹ کرانے کی تجویز دی اور پرچی بنا کر دی لیکن لیب انتظامیہ ٹس سے مس نہ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا رویہ دیگر مریضوں کے ساتھ بھی برتا گیا ہے۔ بالآخر اکثر مریض بغیر علاج کروائے ہی اسپتال سے چلے گئے۔