پولیس سکول آف انٹیلی جنس ایبٹ آباد میں 2225 پولیس افسران کی تربیت مکمل

پولیس سکول آف انٹیلی جنس ایبٹ آباد میں 2225 پولیس افسران کی تربیت مکمل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (کرائمز رپورٹر)پولیس سکول آف انٹیلی جنس ایبٹ آباد میں پچھلے دو سالوں کے دوران مختلف نوعیت کے 84 کورسز میں 2225 پولیس افسروں و جوانوں کو انٹیلی جنس اُمور سے متعلق خصوصی تربیت فراہم کی گئی۔ خصوصی تربیت حاصل کرنے والے اہلکاروں میں2194 مرد اور 31 خواتین پولیس اہلکار شامل ہیں۔واضح رہے کہ پولیس سکول آف انٹیلی جنس ایبٹ آباد کا قیام ملک دشمن عناصر بالخصوصی دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس اطلاعات پر مبنی موثر کاروائیوں کے لیے عمل میں لایا گیا۔اس سکول میں نوجوانوں کو جدید سائنسی خطوط پر جرائم کے سرزد ہونے سے قبل تدارک، قلع قمع کرنے اور جرائم کے رونما ہونے سے پہلے کے انسدادی تدابیر کی تربیت دی جاتی ہے۔ مزید برآں سنگین جرائم میں ملوث اور مجرمان اشتہاری کی جاسوسی کرنے اور اس کے متعلق بروقت معلومات اکٹھا کرنے کی تربیت دی جاتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ بھیس بدل کر کسی علاقے کا جائزہ ،محاصر ہ کرنے اور کسی بھی قسم کے ملک دشمن عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب ہونے سے پہلے اس کا اطلاع دینا اور اُن کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھا کرنے اور قانون کی گرفت میں لانے کی تربیت دی جاتی ہے۔ اس سکول میں مخصوص دورانیہ کے مختلف کورسز ایک سے لیکر 12ہفتوں پر مشتمل ہوتے ہیں منعقد کیے جاتے ہیں، جن میں بیسک انٹیلی جنس کورس، انٹیلی جنس اوئیرنس، انٹیلی جنس اورینٹیشن کورس، انفارمنٹ کلٹیویشن کورس، بیسک انٹاروگیشن کورس، بیسک سرولینس کورس، انفارمیشن انالائسز کورس، سپیشل انٹیلی جنس کورس اور ٹیکنیکل انٹیلی جنس کورس شامل ہیں۔ سکول میں رواں سال اور پچھلے سال کے دورانیہ میں 84 کورسز منعقد کئے گئے جن میں صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 2,225 پولیس مرد و خواتین کو تربیت دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق پچھلے سال منعقد ہونے والے 48 کورسز میں 1175 مرد جبکہ 31 خواتین اور رواں سال 36 منعقدہ کورسز میں شریک 1019 مرد و خواتین کو تربیت دی گئی۔ یہ امر قابل ذکر رہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کے اس تربیتی سکول نے ملک بھر سے اعلیٰ تعلیم یافتہ ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی ہے جو کہ پولیس فورس کے نوجوانوں کو تربیت دینے میں مصروف عمل ہیں اور پولیس افسرانوں و جوانوں کے اندر انٹیلی جنس سے متعلق استعدادی صلاحیتوں میں نکھار لانا ہوتا ہے۔ کورس مکمل کرنے کے بعد پولیس افسران اپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں جاکر فیلڈ میں انٹیلی جنس پر مبنی اطلاعات اور کاروائی کرکے بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ اور اس سے پولیس جوانوں کے فرائض منصبی کی انجام دہی میں جدت پیدا ہوئی ہے اور یوں خیبر پختونخوا پولیس کی مجموعی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔