فنی تعلیم و تربیت پاکستان کی صنعتی ترقی کیلئے ناگزیر ہے : گورنر پنجاب چوہدری سرور

فنی تعلیم و تربیت پاکستان کی صنعتی ترقی کیلئے ناگزیر ہے : گورنر پنجاب چوہدری ...
فنی تعلیم و تربیت پاکستان کی صنعتی ترقی کیلئے ناگزیر ہے : گورنر پنجاب چوہدری سرور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (پ ر)آج کے سائنسی اور تکنیکی ترقی کے دور میں وہی قومیں آگے بڑھ رہی ہیں جو فنی اور تکنیکی تعلیم و تربیت میں آگے ہیں۔ فنی تعلیم و تربیت پاکستان کی صنعتی ترقی کیلئے ناگزیر ہے ، پاکستان کی صنعتی ترقی سے ہی ہم معاشی مسائل، بیروزگاری اور غربت پر قابو پاسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے زیرِ اہتمام پنجاب کے صوبائی ہنر مندی کے مقابلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب میں معزز مہمانِ گرامی صوبائی وزیربرائے صنعت و تجارت اینڈ سرمایہ کاری میاں محمد اسلم اقبال ، سیکریٹری برائے صنعت و تجارت ندیم الرحمان ، نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر خان اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی ،یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر فضل خالد، ڈپلیکس کالج آف کاسماٹالوجی کی سربراہ مسرت مصباح، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے عہدیداران، تعلیمی اداروں کے سربراہان اور بڑی تعداد میں نوجوان طلباءو طالبات نے شرکت کی ۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اس سیکٹر میں بہتری لاکر ہم اپنے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرسکتے ہیں ۔اس مقصد کے حصول کیلئے موجودہ حکومت پاکستان نوجوان طبقے کو ہنر مند بنانے کیلئے مختلف پروگرام ترتیب دے رہی ہے ۔ مجھے اس بات کی خوشی ہورہی ہے کہ اس سلسلے میں نیوٹیک اپنی ذمہ داری بطریقِ احسن نبھارہا ہے اور فنی تعلیم و تربیت کے فروغ کیلئے کوشاں ہے ۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ دوران تربیت ماہانہ وظیفے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی دلچسپی اور فنّی استعداد کوبڑھانے کیلئے نیوٹیک ہنر مندی کے مقابلوں کا بھی انعقاد کرتا ہے۔ مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ یہ ہنر مندی کے صوبائی مقابلے مرحلہ وار ہنر مندی کے مقابلوں کی ایک کڑی ہیں اور آج یہاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباءو طالبات اگلے مرحلے میں پاکستان بھر کے ہنر مند نوجوانوں سے مقابلہ کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے صوبائی وزیربرائے صنعت و تجارت اینڈ سرمایہ کاری میاں محمد اسلم اقبال نے نیوٹیک کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ نیوٹیک کے کام کی بدولت ملک کی اکانومی میں بہتری آ رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا سرمایہ ہیں اور انہوں نے ہی آگے آنے والے وقت میں انڈسٹری کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہاکہ مستقبل میں ہر سال پانچ لاکھ نوجوانوں کو فنّی تعلیم سے آراستہ کیا جائے گا۔
تقریب میں نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر خان نے بھی خطاب کیااور بتایا کہ ہر شعبہ میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ہنر مند نوجوانوں کو بالترتیب 75 ہزار ، 50 ہزار اور 30 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا۔
ریفریجریشن اینڈ ایئر کنڈشنگ ٹریڈ میں محمد جاوید ،آٹو مکینک ٹریڈ میں بلال حسن ،ویلڈ نگ ٹریڈ میں فرحان ،ڈرا ئیونگ ٹریڈ میں محسن رضا ،کوکنگ ٹریڈ میں شمائلہ نجم ، انڈسٹریل الیکٹریشن ٹریڈ میں ہوشنود خان،پلمبرنگ ٹریڈ میں احسن تنویر،ڈریس میکنگ ٹریڈ سدرہ وحید اور بیوٹیشن ٹریڈ میں ذوالفشاںشاہدنے پہلی پو زیشن حاصل کی ۔