مقدمات ختم ہونے تک اپوزیشن پارلیمنٹ نہیں چلنے دیگی :ارشاد بھٹی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہاہے کہ سندھ کارڈ پرانا ہوچکا ،آصف زرداری آئینی ترمیم سے نہیں روک سکتے ، اپوزیشن مقدمات ختم ہونے تک پارلیمنٹ نہیں چلنے دیگی ۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ارشاد بھٹی نے کہا کہ سندھ کارڈ پرانا ہوچکاہے ، یہ منی لانڈرنگ کے کیسز ہیں جوچل رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ آصف زرداری آئینی ترمیم سے نہیں روک سکتے جس کے پاس اسمبلی میں ارکان پورے ہوجائیں گے وہ ترمیم کرلے گا کیونکہ جمہوریت میں ایسا ہی ہوتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کہتے ہیں کہ جیل میرا دوسرا گھر ہے ، اگر یہ بات ہے تو ان کو پیشیاں نہیں بھگتنی چاہئے بلکہ جیل چلے جائیں اور اپناشوق پورا کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ انوکھے لاڈلے کھیلنے کو چاند مانگ رہے ہیں، اپوزیشن کے پا س کوئی روایات ہوتی تو وزارت اعظمیٰ بھی مانگ لیتی ، اصل معاملہ مقدمات کاہے ، اپوزیشن پارلیمنٹ چلنے نہیں دیگی جب تک ان پر مقدمات ختم نہ کئے جائیں ، اس وقت زیادہ اچھا آپشن یہ ہے کہ حکومت اپوزیشن کودیدی جائے اورعمران خان کوچیئر مین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی بنا دیا جائے ۔