حنیف عباسی کی بیٹی کے تبادلے کا معاملہ، وزیر اعظم عمران خان نے ایم ایس طارق نیازی کو واضح پیغام دے دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے ایم ایس بینظیر ہسپتال راولپنڈی ڈاکٹر طارق نیازی کو میرٹ پر کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وفاقی وزیر صحت عامر کیانی کا کہنا ہے کہ ایم ایس بینظیر بھٹوہسپتال راولپنڈی پر تبادلے کیلئے دباو¿کے معاملے کا وزیراعظم نے نوٹس لے لیا ہے اور ایم ایس بینظیربھٹوہسپتال سے کہا ہے کہ آپ میرٹ پرفیصلہ کریں۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر صوبائی وزیر راجہ بشارت کی فون کال کا نوٹس لے لیا گیا ہے، واقعہ کی تحقیقات کی جائیں گی اور وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز بینظیر ہسپتال راولپنڈی کے ایم ایس طارق نیازی اور وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کے مابین ہونے والی ٹیلی فون کال کی ریکارڈنگ لیک ہوگئی تھی۔ ٹیلی فون کال کی ریکارڈنگ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ وزیر قانون پنجاب ایم ایس پر حنیف عباسی کی صاحبزادی ڈاکٹر اریبہ عباسی کے تبادلے کیلئے دباﺅ ڈال رہے تھے۔ فون کال کی ریکارڈنگ منظر عام پر آنے کے بعد حنیف عباسی کی صاحبزادی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔