قائمہ کمیٹیوں پر مسلم لیگ ن کے مطالبے کا اخلاقی جواز نہیں بنتا :سلیم صافی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار سلیم صافی نے کہاہے کہ قائمہ کمیٹیوں کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے مطالبے کااخلاقی جواز موجود نہیں،اب بھی آصف زرداری کی ضرورت پڑ گئی تو تمام چیزیں پس منظر میں چلی جائیں گی۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سلیم صافی نے کہا کہ پاکستان میں سیاستدانوں کےخلاف مقدمات ہر وقت پائپ لائن میں رہتے ہیں ، کچھ تو سیاستدانوں کے اعمال بھی اس قسم کے ہوتے ہیں اورکچھ ان پر مقدمات بنائے بھی جاتے ہیں اورچلائے بھی جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف زداری انتخابات کے دوران سکرپٹ کے مطابق اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں لیکن پھر ایک وقت آتاہے کہ آدمی سوچتا ہے کہ بس بہت ہوگیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ مقدمات کا ہی ہے ، اب بھی اگر آصف زرداری کی ضرورت پڑ جائے تو تمام چیزیں پس منظر میں چلی جائیں گی ۔
انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹیوں کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے مطالبے میں اخلاقی جوا ز ہے لیکن مسلم لیگ ن کے مطالبے میں اخلاقی جوازنہیں ہے کیونکہ جب مسلم لیگ ن کی حکومت تھی تو اس نے اہم کمیٹیوں کی سربراہی اپنے پاس رکھی تھی ۔