آصف زرداری کےخلاف تفتیش کا دائرہ کار بڑھا دیا گیاہے :مظہر عباس کادعویٰ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے خلاف تفتیش کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے ، وہ بس مس کرگئے ہیں ،اگر وہ بس مس نہ کرتے تو اس وقت سینیٹررضا ربانی چیئر مین سینٹ ہوتے ۔
جیونیوزکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے مظہر عباس نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم ایک ایشو ہے جو بعض معاملات کیلئے ہے جیسے تعلیم کے حوالے سے ، اگر معاملہ صرف یہاں تک ہوتا تو آصف زرداری تیار ہوجاتے لیکن دباﺅ مقدمات کا ہے اور تفتیش کا دائرہ بھی بڑھا دیا گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری بس مس کرگئے ہیں ، اگر وہ یہ مس نہ کرتے تو سینیٹر رضا ربانی چیئر مین سینیٹ ہوتے ، یہ ساری چیزیں آصف زرداری مس کرگئے ہیں جس کی وجہ نوازشریف بھی ان سے ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی کمیٹی چھوٹی یابڑی نہیں ہوتی بلکہ انسان چھوٹا اور بڑا ہوتا ہے ، قائمہ کمیٹیوں کے حوالے سے اپوزیشن کے مطالبے میں غیر سنجیدگی نظر آرہی ہے ، اپوزیشن کا مطالبہ درست نہیں ہے ، ان کوجو کمیٹی ملے اس میں کام کرکے دکھائیں۔