3ماہ میں قومی اورپنجاب اسمبلی میں فارورڈ بلاک ، ن لیگ کے ایم کیو ایم سے زیادہ ٹکڑے ہونگے :وفاقی وزیرفیصل واڈا نے بڑا دعویٰ کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر فیصل واڈانے کہاہے کہ قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے فارورڈ بلاک تین ماہ میں بن جائیں گے ، ن لیگ کے ایم کیو ایم سے زیادہ ٹکڑے ہونگے ۔
جیونیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک “ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فیصل واڈا نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بن رہاہے ، قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں بھی فارورڈ بلاک بنے گا ،ن لیگ کے ایم کیوایم سے زیادہ ٹکڑے ہونگے اور آئندہ تین سے چار ماہ میں مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بن جائیں گے ، انہوں نے کہاکہ اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ ہیں اور کہیں نہیں جارہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عابد شیر علی جس پراپرٹی کا ذکر کررہے ہیں وہ میں پہلے ہی بتا چکاہوں،جتنی قیمت عابد شیر علی نے بتائی ہے ، اس سے آدھی قیمت میں مجھ سے وہ پراپرٹی خرید لیں۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے 11سال سزاکاٹی ہے اور وہ دوسروں کی طرح معاہدہ کرکے ملک سے باہر نہیں گئے ، ایک گناہ کی دومرتبہ سزا نہیں ہوسکتی، اگر کسی نے سزا کے بعد گناہ کیاہے تو اسکو سزا ملنی چاہئے ۔ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور بلاول بھاگیں گے نہیں بلکہ مقدمات کاسامنا کریں گے ۔