”اعلانیہ حکومت کہاں ہے اور پس پردہ حکومت کہاں ہے؟“حافظ حمداللہ نے بڑا سوال اٹھا دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)جے یو آئی ف کے رہنماحافظ حمد اللہ نے کہاہے کہ کشمیرکی آئینی حیثیت کاخاتمہ کیا سقوط ڈھاکہ سے کم ہے ، آج حکومت کہاں ، اعلانیہ حکومت کہا ں ہے اور پس پردہ حکومت کہاں ہے ؟
اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے حافظ حمد اللہ نے کہا کہ سقوط ڈھاکہ پر بننے والی حمو د الرحمان کمیشن رپورٹ کہاں ہے ؟ سقوط ڈھاکہ کو 48سال گز ر گئے ، آج بھی سوال کیاجارہاہے کہ سقوط ڈھاکہ کیا ہے ؟کیا اس ملک میں انصاف کے پہریدار نہیں تھے ؟ ہم ایک دوسرے پر بڑی آسانی سے غدار،غدارکے فتوے لگاتے ہیں، فاطمہ جنا ح کو غدار کہا گیا جو قائد اعظم محمد علی جنا ح کی بہن تھیں اور وہ ایوب خان کےخلاف الیکشن لڑ رہی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ بنگالیوں میں کس نے نفرت پیدا کی اور اس نفرت کا ذمہ دار کون تھا ؟
حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ آج کی عدلیہ اور پارلیمنٹ حمود الرحمان کمیشن کی رپورٹ کو سامنے رکھ کرفیصلہ کرے کہ سقوط ڈھاکہ کا ذمہ دار کون ہے ؟ انہوں نے کہا کیا ہم نے محصورین پاکستان کیلئے آواز اٹھائی جو بنگلہ دیش میں پاکستان کی وحد ت کیلئے ڈٹے ، ہم نے ان کیلئے کیا کیا ؟ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں ہوایہ تھا کہ وہاں عوامی مینڈیٹ کوتسلیم نہیں کیاگیا ، ہم نے آج بھی سبق نہیں سیکھا ہے ، کشمیرکی آئینی حیثیت کاخاتمہ کیا سقوط ڈھاکہ سے کم ہے ، آج حکومت کہاں ، اعلانیہ حکومت کہا ں ہے اور پس پردہ حکومت کہاں ہے ؟