انسداد دہشتگردی عدالت کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار 

Dec 17, 2019


لاہور(نامہ نگار)انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے 11وکلا ء کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آج 17دسمبر تک ملتوی کردی، عدالت نے قراردیا کہ اگر 17دسمبر کو صبح 9بجے مقدمہ کا ریکارڈ پیش نہ کیا گیا تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی، قبل ازیں عدالت نے مقدمہ کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پرپہلے2بجے،3بجے،پونے چاربجے اورپھرپونے پانچ بجے تک سماعت ملتوی کی،جس کے بعدفاضل جج نے مذکورہ بالاحکم جاری کیا۔کیس کی سماعت شروع ہوئی تو وکلا ء کی جانب سے سپریم کورٹ بار کے نائب صدر غلام مرتضیٰ چودھری اور پاکستان بارکونسل کے رکن سمیت سینئر وکلاء پیش ہوئے، عدالت نے 8وکلا ء کو عدالت میں پیش نہ کرنے پرسخت برہمی کا اظہار کیاتوعدالتی استفسار پر ڈی ایس پی نے بتایا کہ 8وکلاء کو فرانزک لیبارٹری میں فوٹو ٹیسٹ کیلئے بھجوایا گیاہے جس کی وجہ سے انہیں پیش کرنے میں تاخیر ہوئی ہے،عدالت نے وکلا کو کہا اگر مقدمہ ریکارڈ نہ پیش کیا تو میں آپ کی بحث سنوں گا،فاضل جج نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے اپنے حکم میں لکھا کہ عدالت نے پونے پانچ بجے تک انتظار کیا لیکن ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا،آج 17دسمبر کو ہر حال میں مقدمہ کاریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے،عدالت میں وکلا ء نے اسرار کیا کہ جن 8وکلاء کا ریمانڈ ختم ہو چکا ہے ان کو پولیس کی جانب سے پیش نہ کرنے پر کارروائی کی جائے،جس کے بعد پولیس نے مذکورہ 8وکلاء کو فرانزک لیبارٹری سے لا کر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا،عدالت نے شاہد قمر میو سمیت آٹھوں وکلاء کو جو ڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوا نے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی،عدالت میں مذکورہ آٹھوں وکلاء نے بھی ضمانت کی درخواستیں دائر کردی ہیں،انسداد دہشت گردی کی عدالت ان 8وکلاء سمیت دیگروکلاء کی ضمانت کی درخواستوں پر آج 17دسمبر کو سماعت کرے گی۔دوسری جانبپی آئی سی واقعہ پر گرفتاریوں کے خلاف لاہور کی ماتحت عدالتوں میں وکلاء نے چوتھے روز بھی عدالتی بائیکاٹ کیا،وکلاء کی ہڑتال کے باعث ہزاروں مقدمات کی سماعت متاثر ہوئی،پنجاب بار کونسل کی اپیل پر گرفتاریوں کے خلاف وکلاء کا احتجاج چوتھے روز بھی جاری رہا، وکلاء کی اکثریت نے عدالتی بائیکاٹ کیا،وکلاء کے عدالتی بائیکاٹ سے ہزاروں مقدمات کی سماعت متاثرہونے سے سائلین کومشکلات کاسامنا ہے،عبوری ضمانتیں کرانے کے لئے درخواستیں دائر کرنے والے سائلین عدالتوں کے باہر وکلا ء کی راہ دیکھتے رہے،وکلا ء کی ہڑتال کی وجہ سے سائلین کو سخت پریشانی کا سامنارہا۔
پی آئی سی حملہ کیس

مزیدخبریں