عدل و انصاف کا نظام بہترملک ترقی کی جانب گامزن ہے، فواد چوہدری

  عدل و انصاف کا نظام بہترملک ترقی کی جانب گامزن ہے، فواد چوہدری

  

جدہ(محمد اکرم اسد) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد حسین چوہدری نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت جمہوری روا یات کے مطابق ملک چلا رہی ہے جس سے عدل و انصاف کا نظام بہتر اورملک ترقی کی جانب گامزن ہو رہا ہے۔پی ٹی آئی نے جو تبدیلی کا نعرہ لگایا تھا وہ اس پر تیزی کیساتھ عمل پیرا ہے، پی ٹی آئی کو ملک معاشی طور پر بہت کمزرو اور ناز ک حالات میں ملا،لیکن اب حکومتی اقدامات کی بدولت دن بدن ملکی معیشت بہتر ہوتی جا رہی ہے، ترقیاتی کام بھی شروع ہو رہے ہیں،جلد عوام کی تمام امیدیں بر آئینگی، وزیراعظم عمران خان کا وژن پاکستان کو اقوام عالم کے ترقی یافتہ ممالک کہ صف میں کھڑا کرنا اور قوم کو ایک عظیم قوم بنانا ہے، وہ سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری نذیر احمد جٹ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے، جس میں سیاسی و سماجی اور کاروباری شخصیا ت نے شرکت کی۔اس موقع پر سابق ایم این اے چوہدری نذیر جٹ نے فواد چوہدری کی بحیثیت و فاقی وزیر کے پاکستان میں انرجی مسا ئل کو کنٹرول کرنے اور انرجی سے متعلق کرائے گئے ترقیاتی کاموں کی تعریف کی، ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیااور مزید کہا پاکستانی کی معاشی ترقی اور کشمیر کی آزادی کیلئے اس وقت سب کو ملکر جدو جہد کرنی چاہیے۔ قبل ازیں فواد چودھری وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جو ایک روز قبل سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر جدہ پہنچے تھے نے گزشتہ روز مکہ مکرمہ گئے جہاں انہوں نے بیت اللہ میں جا کر عمرہ کی سعادت حاصل کی، مسجد الحرام میں نوافل ادا کئے، اس موقع پر انہوں نے پاکستان، کشمیر اور مسلم اْمّہ کیلئے بھی دعائیں کیں۔جدہ آمد پر انکا پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید، او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نما ئند ے رضوان شیخ، یونس نظامی اور پی ٹی آئی جدہ کے صدر قیصر، افضل چیمہ، احمد بشیر، چوہدری اکرم فیض، میاں الطاف حسین اور دوسروں نے انکا استقبال کیا۔وفاقی وزیر اپنے قیام کے دوران اسلامی ترقیاتی بنک اور ورلڈ اکیڈمی آف سائنس فورم کے زیر اہتمام منعقد ہونیوالی سائنس ڈپلومیسی کے عنوان سے ورکشاپ میں شرکت کریں گے۔وفاقی وزیر اپنے قیام کے دوران مقامی صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

فواد چوہدری

مزید :

صفحہ آخر -