عالمی اقتصادی فورم کا نیب کی آگاہی و تدراک کی حکمت عملی کو سراہنا قابل فخر ہے: جاوید اقبال
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ عالمی اقتصادی فورم نے بدعنوانی کے برے اثرات سے آگا ہی کیلئے نیب کی آگاہی و تدارک کی حکمت عملی کو اپنی 2019کی رپورٹ میں سراہا ہے، تمام متعلقہ فریقوں کی کوششوں سے بدعنوانی سے پا ک پاکستان کے خواب کو عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں نیب کی آگاہی و تدارک کی حکمت عملی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا عالمی اقتصادی فورم کے عالمی مسابقتی انڈیکس رپور ٹ 2019 میں نیب کی بدعنوانی کے مضر اثرات کی روک تھام کیلئے آگاہی و تدارک کی حکمت عملی کی تعریف کی گئی ہے جو پاکستان اور نیب کیلئے قابل فخر ہے۔ قومی احتساب بیورو نیب آرڈیننس کے سیکشن 33سی کے تحت بدعنوانی کیخلاف آگاہی اور تدارک کی پالیسی اختیار کر سکتا ہے، نیب کی بدعنوانی سے متعلق برے اثرات سے آگاہی و تدارک کی حکمت عملی کامیاب رہی ہے، اس حکمت عملی کے تحت نیب مختلف سرکا ر ی ادا ر و ں، غیر سرکاری تنظیموں، میڈیا، سوسائٹی اور معاشرہ کے دیگر طبقات سے مل کر کام کر رہا ہے تاکہ لوگوں بالخصوص نوجوانوں کو اوائل عمر ی میں بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کیا جا سکے۔ معاشرہ کے مختلف طبقوں سے مثبت ردعمل کیساتھ ساتھ نیب کے میڈیا ونگ نے مفت پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے نیب کی آگاہی و تدارک کی کوششوں کو اجاگر کیا ہے جس کو معاشرہ کے تمام طبقوں نے سرا ہا ہے۔ نیب کی موجودہ انتظامیہ نے بدعنوان عناصر، اشتہاریوں اور مفروروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں، گذ شتہ 26ماہ کے دوران نیب نے بدعنوان عناصر سے 153ارب روپے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں جبکہ متعلقہ احتسا ب عدالتوں میں 630بدعنوانی کے ریفرنس دائر کئے گئے ہیں، نیب کی جانب سے ریکوری کو متعلقہ سرکاری محکموں اور ہزاروں متاثرین کو واپس کیا گیا ہے اور ان میں سے ایک روپیہ بھی نیب افسران نے وصول نہیں کیا کیونکہ نیب افسران بدعنوانی کے خاتمہ کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بدعنوانی کے میگا کرپشن مقدمات کو ترجیحی بنیادو ں پر نمٹانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، نوجوانوں کو بدعنوانی کے برے اثرا ت سے آگاہ کرنے کیلئے نیب نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کا مقصد ملک بھر سے کالجوں ا و ر یونیورسٹیوں میں نوجوانوں کو بدعنوانی کے خلاف جنگ کیلئے تیار کرنا ہے۔ چیئرمین نیب نے بلاامتیاز احتساب سب کیلئے کی پالیسی پر عمل کر تے ہوئے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کا عزم کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام متعلقہ فریقوں کی کوششوں سے بدعنوانی سے پاک پاکستا ن کے خواب کو عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے۔
چیئرمین نیب