عمران نیازی کا عالمی بھیک مانگنے کا سفر بے شرمی سے جاری،احسن اقبال

عمران نیازی کا عالمی بھیک مانگنے کا سفر بے شرمی سے جاری،احسن اقبال

  

اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک وقوم کو درپیش اقتصادی چیلنجز پر معا شی کانفرنس آج 17دسمبر کو کررہے ہیں،اسلام آباد میں منعقدہ کانفرنس میں ملک کی معاشی بدحالی اور تباہی کے اسباب کا جائزہ لیا جائیگا،کا نفرنس میں سیاسی رہنما، ماہرین معاشیات اور اہل علم ملکی معیشت کی زبوں حالی پر اپنی آراء پیش کریں گے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا مو جو دہ حکومت نے تیز ابھرتی معیشت کو آئی سی یو میں پہنچادیا، ہنگامی اقدامات نہ ہوئے توخطرات مزید بڑھ جائیں گے،مہنگائی، بیروزگار ی، بجلی گیس واشیائے ضرورت کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے پر حقائق سامنے لائیں گے،کانفرنس میں قوم کو بتائیں گے کہ ایک سال میں معیشت کا حلیہ کیسے بگاڑا گیا،ریکارڈ قرض لے کر بھی عمران نیازی صاحب کا عالمی بھیک مانگنے کا سفر بے شرمی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا قوم سوال پوچھ رہی ہے ایک سال میں ریکارڈ قرض لینے کے باوجود بھی بجٹ بنانے کیلئے کیوں پیسہ موجود نہیں،کانفرنس اس سوال پر قوم کو حقائق سے آگاہ کرے گی کہ موجودہ نالائق حکومت آخر پیسہ کہاں لے کر جارہی ہے؟،ملک کی زراعت، صنعت اور تجارت سمیت تمام شعبے بدترین بحران سے دوچار ہو چکے ہیں، حکومت سوشل میڈیا کی دنیا میں قلابازیوں سے زندہ ہے،کانفرنس میں معاشی محاذ پر چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کی قومی حکمت عملی مرتب کی جائیگی۔

احسن اقبال

مزید :

صفحہ آخر -