شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، شہرام خان ترکئی

شہریوں کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، شہرام خان ترکئی

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت پشاور کی ترقی اور شہریوں کو تمام جدید سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے صوبائی دارالحکومت پشاور سے منتخب ممبران صوبائی اسمبلی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ایم پی ایز ملک واجد اللہ خان، پیر فدا محمد اور آصف خان پر مشتمل وفد نے اپنے حلقوں اور شہر میں جاری اور مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کی اور صوبائی وزیر بلدیات کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ ایم پی ایز نے شہر کے کچھ حصوں میں سڑکوں کی بحالی، نئی سڑکوں کی تعمیر، ٹریفک منیجمنٹ اور پارکس کی تعمیر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیرِ بلدیات شہرام خان ترکئی نے ایم پی ایز کے وفد کو یقین دلایا کہ پشاور میں ٹریفک منیجمنٹ اور اس کی بلا تعطل روانی کو برقرار رکھنے کے لئے شہر کے انتہائی مصروف چوکوں پر 2 نئے فلائی اوورز کا منصوبہ زیر غور ہے۔ اسی طرح شہر کی خوبصورتی کو بحال کرنے اور شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لیے نئے پارکس تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ وزیرِ بلدیات نے ایم پی ایز وفد سے کہا کہ وہ اپنے حلقوں میں موجود ان جگہوں کی نشاندہی کریں جہاں پارک تعمیر کیے جا سکیں۔ صوبائی وزیرِ نے وفد کو یقین دلایا کہ بے ہنگم اور غیر قانونی تعمیرات روکنے کے لیے پورے صوبے کے لیے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی قائم کی جائے گی جس کا پائلٹ پروجیکٹ پشاور سے شروع کیا جائے گا۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات کے بعد پشاور میں سٹی لوکل گورنمنٹ بنے گی جو کہ اعلیٰ اختیاراتی حکومت ہوگی جس سے یہاں کے مسائل بہتر طریقے سے اور جلد حل ہوں گے۔ صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان نے ایم پی ایز وفد کو ان کے حلقوں کے بلدیات سے متعلق مسائل جلد حل کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -