دیر پائیں میں انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا

دیر پائیں میں انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
تیمرگرہ(بیورورپورٹ) دیر پائیں میں انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا اور جاری مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو قطرے اور ساتھ ساتھ وٹامن اے کے ڈوز پلائے جارہے ہیں۔ضلع بھر میں حالیہ انسداد پولیو مہم کے دوران تقریباََ 3 لاکھ 7 ہزار 2 سواور 54 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیاہے جسکے لیے 860 موبائل ٹیمیں اور 70 فکسڈ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جوضلع کے تمام 42 یونین کونسلز میں گھر گھر جاکر تمام بچوں کو اس قومی مہم کے دوران قطرے پلائیں گی۔ضلع میں جاری پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح پیر کے روز ڈپٹی کمشنر لوئر دیر نے کیا اور انھوں نے بچے کو پولیو کے قطرے پلائے جبکہ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لوئر دیر ڈاکٹر شوکت علی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر دیر پائیں نے اس موقع پر تمام انتظامی افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر مہم کی نگرانی کیا کریں اور تما م سٹیک ہولڈر کو متنبہ کیا کہ اس قومی کاز میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریا ں احسن طریقے سے نبھائیں۔انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں ہر کسی کو اپنا کردار ادا کر نا چاہیے۔انھوں نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ والدین کی اگاہی اور پولیو جیسے موذی مرض کے انسداد کیلئے جاری مہم کو اجاگر کرنے میں اپنا بھر پور تعاون کریں تاکہ تمام والدین اگاہ ہو کر اپنے بچوں کو قطرے پلائیں اور کوئی اس مہم سے باقی نہ رہے۔ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے ضلع میں مختلف مقامات کادورہ بھی کیا اور پولیو ٹیموں کے جوش و جذبے اور والدین کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کو سراہا۔دریں اثناء ضلع کے مختلف تحصیلوں میں انتظامی افسران نے بھی پولیو ٹیموں کا دورہ کیا اور جاری مہم کا جائزہ لیا۔