پاک فوج، پولیس، سویلین نے جتنی قربانیاں دیں، قابل ستائش،سی ٹی او

  پاک فوج، پولیس، سویلین نے جتنی قربانیاں دیں، قابل ستائش،سی ٹی او

  

لا ہور (کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس اور مقامی کالج کے زیر اہتمام سانحہ آرمی پبلک سکول،پولیس اور سویلین شہدوں کو خراج تحسین کرنے کیلئے تقریب کا اہتمام کیا گیا،سی ٹی او لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،تقریب میں طلبہ و طالبات کی طرف سے خاکے پیش کئے جن شہیدوں کی زندگی اور ان کے گھر والوں کے حوصلوں کو خوبصورت انداز بیان کیا گیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ٹی او لاہور کا کہنا تھاکہ قیام پاکستان کیلئے بے دریغ اور لازوال قربانیاں پیش کرنے والوں کے لہو کی خوشبو آج بھی ہماری مٹی سے آتی ہے،ہم دہشت گردی کیخلاف سب سے زیادہ جانیں قربان کر چکے ہیں،بے شمار خاندان قربان ہوئے تب پاکستان وجود میں آیا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جسے ابھی بھی شک ہے کہ پاکستان بننا چاہیے تھا یا نہیں، وہ کشمیر کی طرف دیکھ لے۔پاکستان کی قدر ان سے پوچھیں جن سے زندہ رہنے کا حق ہی چھین لیاگیا۔پاک فوج اور پولیس کے ساتھ ساتھ سویلین نے جتنی قربانیاں دیں ہیں جو قابل ستائش ہیں،ان کا مزید کہنا تھاکہ سانحہ آرمی پبلک سکول جیسے المناک واقعات نے انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا،ہم نے جنازوں پر پھول تو دیکھے مگر پھولوں کے جنازے پہلے مرتبہ دیکھے،شہید کی فیملی سے محبت کریں،ان کے لخت جگر گوشوں نے اپنا آج ہمارے کل کیلئے قربان کر دیا، سی ٹی او لاہورنے وقت، والدین،اساتذہ اور پاکستان کی اہمیت پر مفصل روشنی ڈالی۔

مزید :

علاقائی -