اشتعال انگیز تقاریر کرنے پر ڈاکٹر عرفان کیخلاف ایف آئی اے کو درخواست
لاہور(نامہ نگار)اشتعال انگیز تقریر کرنے پر وائی ڈی اے کے ڈاکٹر عرفان کے خلاف کارروائی کے لئے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو درخواست بھجوا دی گئی ہے۔ درخواستگزار سید عبدالرحمن ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر عرفان کی اشتعال انگیز اور توہین آمیز تقریر سے اشتعال پیدا ہوا، ڈاکٹر عرفان نے ویڈیو میں سیکرٹریٹ افسران اور آئی جی پنجاب کے اپنے ساتھ شامل ہونے کا الزام لگایا،تحقیقات کی جائیں۔
ڈاکٹر عرفان نے سازشی طور پر وکلاء کو اشتعال دلانے کیلئے گھٹیا الفاظ استعمال کئے،ڈاکٹر عرفان اگر یہ تقریر نہ کرتے تو مریضوں کی اموات اور نقصان نہیں ہونا تھا، متعلقہ تھانے میں بھی ڈاکٹر عرفان کیخلاف درخواست دی لیکن تاحال کارروائی نہیں کی گئی، ڈاکٹر عرفان کے خلاف فوری مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جائے۔